صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ناندیڑ بلدیہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے 8؍ ممبران کی اس ماہ سبکدوشی

کانگریس کی جانب سے اسٹینڈنگ کمیٹی کے نئے ممبران کا انتخاب ریاستی صدر اشوک چوہان کریںگے

1,241

ناندیڑ:(منتجب الدین) ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات پچھلے سال اکتوبر میں انجام پائے تھے ۔ نئے میئر ‘ ڈپٹی میئر کا انتخاب 3؍نومبر کو عمل میں آیا تھا۔ دسمبر کے ماہ میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے 16 ممبران کا انتخاب عمل میں آیا تھا اور پچھلے سال ہی چیئر مین عہدہ پر کانگریس کے شمیم عبداللہ کا انتخاب عمل میںآیا تھا۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے نصف ارکان ہر سال سبکدوش ہوتے ہیں ۔ اس بار 8 ممبران قرعہ اندازی کے ذریعہ سے سبکدوش کیئے جائیں گے اور آئندہ سال سے 2 سال کی معیاد مکمل کرنے والے ممبران سبکدوش ہوتے رہیں گے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی میں کانگریس کی اکثریت موجود ہے ۔ کانگریس کے 15 اور بی جے پی کا ایک ممبر شامل ہے ۔ اس ماہ تمام 16 ممبران میں سے قرعہ اندازی کے ذریعہ 8 ممبران کے ناموں کی چٹھی نکال کر انہیں اسٹینڈنگ کمیٹی سے سبکدوش کیا جائے گا۔ اگر تمام 8 ممبران کانگریس کے ہی سبکدوش ہوتے ہیں تو آئندہ ماہ کانگریس کے ہی 8 ممبران اسٹینڈنگ کمیٹی کے لئے منتخب کیئے جائیں گے۔ اگر چٹھی میں بی جے پی کے ایک ممبر کا نام نکلتا ہے تو اُس کی جگہ بی جے پی کا ایک ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی میں داخل ہوگا ۔ بتایا جارہا ہے کہ موجودہ اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین شمیم عبداللہ کی صدارت میں اس ماہ اسٹینڈنگ کمیٹی کا جو اجلاس منعقد ہوگا اس اجلاس میں قرعہ اندازی کے ذریعہ سے 8 ممبران کو سبکدوش کیا جائے گا۔ آئندہ ماہ نئے 8 ممبران کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ نئے قوانین کے مطابق پچھلے کئی سال سے ممبران کی نامزدگی راست طور پر پارٹی کی جانب سے کی جارہی ہے ۔ کانگریس کی جانب سے اسٹینڈنگ کمیٹی کے نئے ممبران کے نامون کا انتخاب کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔ اسٹینڈنگ کمیٹی میں شمولیت کے لئے ابھی سے کانگریس کے کچھ کارپوریٹر تیاری میں مصروف ہوچکے ہیں۔ پچھلے سال تمام سینئر کارپوریٹرس کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں روانہ کیا گیا تھا اور کچھ نئے چہروں کو بھی موقع فراہم کیا گیا تھا۔ اس بار بھی امکان ہے کہ کچھ سینئر اور کچھ نئے کارپوریٹرس کو موقع فراہم کیا جائے گا۔ کانگریس کے حلقہ میں یہ بات بھی زیر گشت ہے کہ آئندہ ماہ موجودہ چیئر مین شمیم عبداللہ کی معیاد مکمل ہورہی ہے اور اُن کی جگہ کسی مسلم لیڈر کو ہی چیئر مین بنایا جاسکتا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.