اورنگ آباد شہرسے متعلق مشہور ۵۲؍ دروازوں کا کوئی تاریخی ثبوت موجود نہیں ہے
ڈاکٹر مرزا خضر بیگ کی تاریخ پر مبنی کتاب ’اورنگ آباد کی فصیلیں اور دروازے‘ کارسم اجراء
اورنگ آباد : (جمیل شیخ) اورنگ آباد کی تاریخ پر مبنی ڈاکٹر مرزا محمد خضر بیگ کی کتاب آنے والوں نسلوں پر ایک احسان ہے ، جب کبھی اس کتاب کو پڑھا جائے گا تویہ کتاب بہت ساری غلط فہمیوں کو دور کردے گی اور تحقیقی کام کرنے والوں کے لیے معاون ثابت ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار اورنگ آباد کی تاریخ پرمبنی کتاب ’اورنگ آباد کی فصیلیں اور دروازے‘ کی تقریب رسم اجراء کے موقع پر اویس احمد نے کیا ۔ اورنگ آباد کی تاریخ پرایک جامع ومختصر کتاب ’اورنگ آباد کی فصیلیں اور دروازے‘ کا رسم اجراء ۲۴؍ مارچ بروز اتوار دوپہرتین بجے ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے آفس د مرزا ورلڈ بک ہاؤس قیصر کالونی اورنگ آباد میں احمد اقبال (معلم وادیب) کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔
ڈاکٹر مرزا محمد خضر(سابق صدر شعبہ تاریخ ڈاکٹر رفیق زکریا کالج فار ویمن) کی تحریر کردہ کتاب ’اورنگ آباد کی فصیلیں اور دروازے‘ شہراورنگ آباد کے دروازوں اور فصیلوں کے بارے میں تفصیلی اور تحقیقی معلومات پر مشتمل ہے ۔ کتاب کے مصنف ڈاکٹر مرزا محمد خضر کی تاریخ دکن پر گہری نظر ہے ۔ خصوصاَ اورنگ آباد کی تاریخ سے ان کی دلچسپی کا اندازہ ان کی اس نئی کتاب سے لگایا سکتا ہے ۔ اس سے قبل ان کی تحریر کردہ کتاب ’تاریخ کے جھروکے‘ شائع ہوکر مقبول ہوچکی ہے ۔ آج رسم اجراء کے موقع پر مراٹھی زبان کے مشہور ادیب وناول نگار ایڈوکیٹ پردیپ مہسیکر نے اس کتاب کو اورنگ آباد کی تاریخی کتابوں میں ایک اہم اورمستند اضافہ بتایا ہے ۔ اویس احمد نے کہا کہ مرزا خضر کی یہ کتاب آنے والی نسلوں پر ایک احسان ہے جب کبھی اس کتاب کو پڑھا جائے گا تویہ کتاب بہت ساری غلط فہمیوں کو دور کردے گی ۔
مصنف نے اس موقعہ پر کتاب کی اشاعت سے متعلق کہا کہ میں نے اورنگ آباد شہر کے تمام دروازوں اور فصیلیوں کا باریکی سے جائزہ لیا ، فن تعمیر کا مشاہد ہ کیا ، ماہرین تعمیرات سے مشورہ کیا اور تاریخ کی قدیم کتابوں کا مطالعہ کرنے کے بعد اس موضوع پر قلم اٹھایا تو شہر کے بارے میں مشہور 52 دروازوں 52 کھڑکیوں ، 52 محلوں سے متعلق کوئی تاریخی ثبوت نہیں ملا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر مرزا محمد خضر بیگ کے علاوہ ایڈوکیٹ پردیپ مہسیکر ، اویس احمد ، احمد اقبال ، پروفیسر ذاکر پٹھان ، ڈاکٹرشیخ اعجاز ، رفیع الدین ناصر، اکبر خان صاحب ، اشفاق اقبال موجود تھے ۔ کتاب شہر کے مشہور اشاعتی ادارہ مرزا ورلڈ بک ہاؤس کی کاوشوں سے شائع ہوئی اس بات کا اعتراف مصنف کتاب ہذا نے اظہار تشکر میں کیا ۔ کتاب کے ناشر مرزا عبدالقیوم ندوی نے پروگرام کی نظامت اور مہمان کا شکریہ ادا کیا ۔