صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

سیلاب سے متاثرین کیلئے جماعت اسلامی ۴۰ ؍ گھروں کی تعمیر کرے گی 

جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرنے سیلاب سے متاثر سانگلی کولہا پور میں ۲۵ ؍ لاکھ سے زائد رقم راحت رسانی کے کاموں  میں خرچ کیا 

31,947
کولہا پور سانگلی سیلاب متاثرین کی باز آبادکاری اور راحت رسانی کی معلومات دیتے ہوئے جماعت اسلامی مہاراشٹر کے امیر حلقہ رضوان الرحمن خان اور دیگر

کولہا پور : اسلام خدمت خلق کو سب سےبہتر نیکی قرار دیتا ہے ۔ قرآن اور نبی ﷺ کے فرمان میں خدمت خلق کو اپنے کردار میں ڈھالنے کی تعلیم کے مد نظر جماعت اسلامی مہاراشٹر کے امیر حلقہ رضوان الرحمن خان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرین کی خدمت اور ان کی راحت رسانی کیلئے کام کرنا جماعت اسلامی کی اولین ذمہ داری ہے ۔

واضح ہو کہ رواں سال ماہ اگست میں ضلع کولہا پور ، سانگلی میں آئے سیلاب کی وجہ سے بہت تباہی مچی تھی ۔ بڑی تعداد میں گھروں ، مویشیوں اور کھیتوں میں کھڑی فصلوں کا نقصان ہوا ۔ایسی حالت میں جماعت اسلامی ہند کی جانب سے بڑی تعداد میں ریلیف کا کام کیا گیا ۔ اس میں میڈیکل کیمپ ، سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکائو بھی کیا گیا تھا ۔اس کے علاوہ ضرورت مندوں کو راشن اور گھریلو ضرورتوں کے اشیا کی تقسیم سمیت اسکولی طلبہ میں کتابیں اور دیگر تعلیمی ضرورت کی چیزیں تقسیم کی گئی تھیں تاکہ ان کا تعلیمی سال برباد نہ ہو۔سیلاب سے متاثر علاقوں میں فوری طور سے اشیائے خوردنی اور پانی کی قلت کے پیش نظر غذائی اجناس اور بوتل بند پانیوں کی تقسیم بھی کی گئی تھی۔

جماعت اسلامی کے ذمہ داران سیلاب سے متاثر ایک گائوں کے سروے کے دوران

شیرول، ہتھ کنگلے اور سانگلی کے پلوس تعلقہ میں ریلیف مد میں ۲۵ ؍ لاکھ سے زائد رقم خرچ کی گئی ۔شیرول تعلقہ کے کنواڈ گائوں میں سروے کرکے بہت سی مخدوش اور تباہ شدہ دکانیں اور مکانوں کی تعمیر اور مرمت کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔اس گائوں میں جماعت اسلامی مہاراشٹر کی جانب سے ۴۰ ؍ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔اس گائوں میں اسکول اور لائبریری کو بھی نقصان پہنچا تھا جماعت اسلامی اس کی بھی تعمیر و مرمت کرائے گی نیز کھیل کے میدان کی درستگی اور کھیل کود کے ساز و سامان کی فراہمی بھی کی جائے گی ۔

سیلاب متاثرین کی ریلیف و راحت رسانی پرمبنی ڈاکیومنٹری کی لنک

مذکورہ معلومات جماعت اسلامی مہاراشٹر کے شعبہ خدمت خلق کے سکریٹری مظہر فاروق نے دی ہے ۔یہ ساری معلومات ایک پریس کانفرنس میں میڈیا اہلکاروں کے روبرو پیش کی گئیں جہاں سیلاب کی تباہ کاری اور ریلیف ورک پر مبنی ڈاکیومنٹری فلم بھی ریلیز کی گئی ۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.