انجمن اسلام کے بیرسٹر اے آر انتولے کالج آف لا میں ’لیگل ایڈ کلینک‘ کا افتتاح
سب کیلئے قانونی امداد فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ وکلا سابق جج معززین شہر کالج کے اساتذہ سمیت طلبہ کی شرکت

ممبئی : مہاراشٹر میں مسلمانوں کے باوقار تعلیمی ادارہ انجمن اسلام نے بیرسٹر اے آر انتولے کالج آف لائ میں سب کیلئے قانونی امداد فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ ’لیگل ایڈ کلینک‘ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح انجمن کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے فیتہ کاٹ کر کیا ۔ مذکورہ پروگرام میں نامور وکلا سابق جج سمیت لا کالج کے اساتذہ اور طلبا شامل تھے ۔
لیگل ایڈ کلینک ایک اچھا عمل ہے اس سے عوام کے دشواری کا حل ہو گا ۔ اس میں کئی لیگل فیکلیٹی ملوث ہے گریجویشن کے بعد قانون کی تعلیم حاصل کرنے والوں کو عوامی مسائل کاعلم ہوتا ہے اس میں قانون کے طلبا کی تربیت ہو گی ۔ لیگل ایڈ میں عوام اور عام انسان رابطہ کر سکتا ہے ، اس سلسلے میں اہم رول ادا کیا جاسکتا ہے ۔ اس لیگل ایڈ کے توسط سے ایک ٹیم تیار ہوگی ۔ اس میں پروفیسر اور طلبا عوام کو قانونی مدد فراہم کریں گے میں کالج کی اس پہل کی ستائش کرتا ہوں ۔ اس قسم کا اظہار خیالات وائی بی گمے نے بیرسٹر عبدالرحمن انتولے کالج آف لا میں لیگل ایڈ کلینک کے آغاز پر منعقدہ تقریب میں کیا ہے ۔

وی آئی بھنڈاری سول جج نے کہا کہ لیگل ایڈ کلینک سے طلبا میں حوصلہ مندی پیدا ہوگی اور وہ غریب عوام کی مدد کرنے کے قابل ہو جائیں گے ہائیکورٹ نے بھی لیگل سروس کی ستائش کی ہے اس سے تجربہ اور خود اعتمادی پیدا ہوگی یہ ایک مستحسن قدم ہے ۔ فلم اداکار سنجے دت اورٹاڈا کیس کی پیروی کرنے والی مشہور خاتون ایڈووکیٹ فرحانہ شاہ نے کہا کہ لیگل ایڈ کلینک ایک اچھی پہل ہے ۔ اس میں کئی مسائل ہیں اس میں خواتین کو کیس میں مدد کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کیس میں صبر کامظاہرہ انتہائی ضروری ہے اس کیلئے آپ کو استقامت رکھنا ہوگا ۔
فرحانہ شاہ نے کہا میرے والد میرے پیشہ وکالت کے خلاف تھے اس کے باوجود میں نے ممبئی بم دھماکہ کے کیس کی پیروی کی یہ میرے لئےایک مشن تھا اس وقت کوئی کیس لڑنے کو تیار نہیں تھا کچھ مسلم وکلا نے اس میں کام کیا اس میں مجھے برادران وطن کے وکلا نے کافی تعاون کیا ۔ میں کسی کے لئے بھی ہمیشہ قانونی امداد فراہم کرنے کے لئے تیار ہوں ۔

ایڈووکیٹ مبین سولکر نے کہا کہ بیرسٹر اے آر انتولے کے نام پر جو کالج شروع کیا گیا اس سے مجھے جذباتی لگاؤ ہے اورجو لیگل ایڈ کلینک کا آج افتتاح ہوا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی انصاف میں تاخیر ملنا انصاف نہ ملنے کے مترادف ہے ۔ انہوں موجودہ صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا اس قسم کے لیگل سیل سے فائدہ ہوگا ۔ مبین سولکر نے آگے کہا کچھ قیدی تو اچھے وکیل اپنے لئے مقررنہیں کرسکتے وہ اس کی استطاعت نہیں رکھتے لیگل ایڈ کلینک ایسے افراد کیلئے سود مند ثابت ہوگا ۔ میں وکیل بننے کو میں تیار نہیں تھا کیونکہ وکیل کی شبیہ مجھے حلف نامہ بنانے والے کورٹ کے باہر کھڑے وکلا کی لگتی تھی ۔ لیکن آج میں خوش ہوں کہ وکیل کا پیشہ اختیار کر کے اہم کیس کی پیروی کر رہا ہوں ۔ ڈاکٹر اور وکیل کے دورازے تک نہ جانے کی لوگ دعا کرتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے یہ غلط فہمی ہے ۔ میں نوجوانوں سے التجا کرتا ہوں کہ وہ اس لیگل فیکلیٹی کا حصہ بن کر اپنا نام روشن کریں ۔
جسٹس آر جے کوچر نے کہا کہ کورٹ ہال میں اپنی حیثیت کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے زیادہ تیز آواز میں بات کرنا بھی توہین میں شمار ہوتا ہے آپ کی زبان بھی آپ کی شناخت ہوتی ہے ۔ قانون کے طلبا و طالبات کو اس بات کو ذہن نشیں رکھنا چاہئے کہ ان کے لئے پرانے کیسوں کا مطالعہ بھی ضروری ہے ۔ جواہرلعل نہرو کی تاریخ کا مطالعہ کرنا بھی دلچسپ ہے اس پیشہ میں انگریزی کی مہارت ضروری ہے مراٹھی کے باوجود انگریزی کا ترجمہ مشکل ہے اور تراجم دستیاب نہیں ہیں ۔

ڈاکٹر ظہیرقاضی صدر انجمن اسلام نےکہا کہ میرے لئے یہ مسرت کا موقع ہے کہ مجھے دستور ہند کی خدمت کا موقع ملا ہےانجمن اسلام ایک ایسا ادارہ ہے جہاں سے سیاستداں ، قانون داں نیز مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والوں نے اپنا لوہا منوایا ہے ۔ اس میں کئی ایسی شخصیات شامل ہیں جو اس ادارہ کا حصہ رہی ہیں ۔ انجمن کی جب تاریخ رقم کی جائے گی تو اسے تاریخی اورمعیاری و مثالی ادارہ ہی لکھا جائے گا ۔ ہم ہمیشہ سے مثبت قدروں کے حامل رہے ہیں قانونی امداد اورانصاف کے حصول کے لئے لیگل ایڈ کلینک کا آغاز کیا گیا ہے ۔ اس تقریب میں نائب صد ر انجمن اسلام مشاق انتولے اور ڈاکٹر عبداللہ جی اے آر شیخ سمیت کالج کی پرنسپل طلبا اور اسٹاف موجود تھے ۔