صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

یوتھ کانگریس کی ’یوواکرانتی یاترا‘ منگل کو مہاراشٹر میں داخل ہوگی

کنیاکماری سے کشمیرتک کی اس یاترا کے مہاراشٹر میں پہونچنے پرریاستی کانگریس کے اہم لیڈران شریک ہونگے

1,226

ممبئی: انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے نوجوانوں کے حقوق نیز دھوکے باز بی جے پی حکومت کے خلاف کنیاکماری سے کشمیر تک یوتھ کرانتی یاترا شروع ہے، جو منگل ۸ جنوری کو مہاراشٹر میں داخل ہوگی اور ۱۱؍جنوری ۲۰۱۹ تک رہے گی۔ اس دوران مہاراشٹر کانگریس کے لیڈرس، یوتھ کانگریس کے قومی وریاستی عہدیداران اس یاترا میں موجود رہیں گے۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس کے صدر ستیہ جیت تانمبے نے دی ہے۔ واضح رہے کہ بڑھتی بیروزگاری،گمراہ کن وعدوں اور نوجوانوں کے مسائل سے چشم پوشی کرنے والی بی جے پی کے خلاف انڈین یوتھ کانگریس سے کنیاکماری سے کشمیرتک یواکرانتی یاترا شروع کی ہے۔ اس یاترا کے ذریعے نوجوانوں کو منظم کرنے کے ساتھ ساتھ بی جے پی کی مرکزی وریاستی حکومتوں کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور سے یہ یاترا مہاراشٹر میں داخل ہوگی اور چوتھے روز نندوربار نواپور کے راستے گجرات پہونچے گی۔ مہاراشٹر میں یوا کرانتی یاترا ناگپور سے نندوربار کے درمیان سفرکرے گی اور اس درمیان ۴۳ مقامات پر اس کا استقبال کیا جائے گا، موٹرسائیکلوں کا جلوس نکالا جائے گا نیز ۷ مقامات پر جلسۂ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔

اطلاع کے مطابق جبل پور(مدھیہ پردیش) سے منگل ۸ جنوری کو دوپہر ۲بجے منسر، رام ٹیک (ضلع ناگپور) سے یہ یاترا مہاراشٹر میںداخل ہوگی۔ اس موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وممبرپارلیمنٹ اشوک چوہان، سابق مرکزی وزیر مکل واسنک، ریاستی حزبِ اختلاف لیڈر رادھاکرشن ویکھے پاٹل، سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سابق وزیر بالاصاحب تھورات وغیرہ سمیت ریاستی کانگریس کے دیگر اہم لیڈران یوا کرانتی یاترا کا استقبال کریں گے،جبکہ دوپہر ۳ بجے منسر میں جلسۂ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے بعد یہ یاترا وردھا سیواگرام، امراؤتی، کھام گاؤں بلڈانہ، اورنگ آباد، مالیگاؤں ، شیرپورسے ہوتے ہوئے ۱۱؍جنوری کو نندوربار پہونچے گی جہاں سے یہ گجرات میں داخل ہوگی۔ اس یاترا کے وردھا کے سیواگرام پہونچنے پر وہاں یوتھ کانگریس کے عہدیداران کی ایک اہم میٹنگ بھی منعقد ہوگی، جبکہ مالیگاؤں پہونچنے پر منعقد ہونے والے جلسۂ عام میں کانگریس اقلیتی شعبہ کے قومی صدر ندیم جاوید بھی خصوصی طور پر شریک ہونگے۔

یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر کے مطابق بی جے پی حکومت کے دور میں ملک کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے۔ تمام شعبہ جات پر حکومت کی غلط پالیسیوں کا اثر ہوا ہے۔ اس تشویشناک صورت حال کے خلاف یوتھ کانگریس نے جارحانہ موقف اختیار کیا ہے۔ مہاراشٹرپردیش یوتھ کانگریس نے مختلف احتجاجات کے ذریعے ریاست کے یوتھ کی آواز بن چکی ہے۔ یوا کرانتی یاترا اسی موقف مزید مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ ستیہ جیت تانمبے کے مطابق اقتدار میں آنے سے قبل نوجوانوں کواپنی جانب راغب کرنے کے لئے کئی جھوٹے خواب دکھائے، جھوٹی معلومات دیں، روزگار دینے کے گمراہ کن وعدے کئے۔ اب پانچ سال مکمل ہونے کو آرہا ہے، اس کے باوجود نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کے تئیں حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ بی جے پی نے ایک بار پھر انتخابات کے پیشِ نظر جذباتی سیاست شروع کردی ہے، لیکن اب نوجوان طبقہ بی جے پی کے اس جذباتی سیاست پر بلی نہیں چڑھے گا، بلکہ بی جے پی کے خلاف اب آواز بلند کررہا ہے اور اسی آواز کوبلند کرنے کے لئے یہ یوا کرانتی یاترا شروع کی گئی ہے۔

اس یوا کرانتی یاترا میں آل انڈیا یوتھ کانگریس کے قومی صدر کیشو چند یادو، نائب صدر بی وی شری نواس سمیت قومی سطح کے دیگر عہدیداران شریک ہیں۔ اس یاترا کا اختتام ۳۰؍جنوری کو دہلی میں ہوگا۔ ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر کے مطابق مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس نے یوا کرانتی یاترا کے استقبال کے لئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی ہیں۔ مہاراشٹر میں تقریباً دو لاکھ نوجوان مختلف طریقوں سے اس یاترا میں شریک ہونگے۔ تانمبے نے اس موقع پر اس یقین کا بھی اظہار کیا ہے کہ اس یاترا کے ذریعے ریاست میں تبدیلی کی شروعات ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.