صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

آن لائن کلاس کیلئے طلباء واساتذہ  کو مفت انٹر نیٹ سہولت دینے کا مطالبہ

جماعت اسلامی مہاراشٹر شعبہ تعلیم کی جانب سے وزیر برائے تعلیم کو ۳۰ نکات پر مشتمل میمورنڈم

213,652

ممبئی :(پریس ریلیز) جماعت اسلامی مہاراشٹر کے شعبہ تعلیم نے وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کو کورونا بحران کے تناظر میں اسکولی تعلیم سے متعلق تیس نکات پر مشتمل میمورنڈم سونپا ہے ۔

جماعت اسلامی مہاراشٹر نے اسکولوں کے دوبارہ آغاز سے متعلق حکومت کو توجہ دلائی ہے کہ نو عمربچوں کی زندگی سے متعلق کوئی خطرہ مول نہ لیا جائے ۔ مارکیٹ ‘ ذرائع نقل و حمل اور دیگر سماجی اداروں کے معمول پر آنے کے بعد اسکولوں کا آغاز ہو ۔ نیز سینئیر سیکنڈری ‘ سیکنڈری ‘ مڈل اور پرائمری اسکول کی ترتیب میں مرحلہ وار آغاز  کیا  جائے ۔

تاہم تب تک طلباء کا تعلیمی نقصان کم سے کم ہو اس غرض سے آن لائن تعلیم کو لازمی کیا جائے ۔ ان کلاسیز میں صرف اہم مضامین پر توجہ دی جائے ‘ اس کیلئے حکومت سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی قابل اعتماد کمپنی کے اشتراک سے مناسب اپلی کیشن کے ذریعے سبھی اسکولوں میں آن لائن تعلیمی نظام شروع کی جائے ۔اس کیلئے سبھی اساتذہ کو ضروری ٹریننگ دی جائے ۔سبھی طلبہ واساتذہ کو خصوصی پیکیج کے تحت مفت انٹر نیٹ فراہم کیا جائے ۔

بعض مقامات پر انٹر نیٹ کنکشن نہیں ہے ، جس کی وجہ سے وہ آن لائن کلاس کا فائدہ نہیں لے سکتے ، حکومت کو چاہئے کہ وہ انکے گھروں تک نصابی کتب پہنچانے کا انتظام کرے ۔

جماعت کے شعبہ تعلیم نے حکومت کو کیرالا کی طرز پر آن لائن اسکولنگ مراٹھی اور اردو میں ضلع پریشد ، کارپوریشن اور مراعات یافتہ اسکولوں میں شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔اب تک اردو طلبہ کیلئے کو آن لائن تعلیمی مواد دستیاب نہیں ہے ۔ اس  جانب بھی حکومت کو متوجہ کیا گیا ۔

جماعت اسلامی مہاراشٹر کے شعبہ تعلیم نے حسب روایت حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے جی ڈی پی کا چھ فیصد خرچ کیا جائے ۔ میمورنڈم میں اپیل کی گئی ہے کہ حکومت نجی تعلیمی اداروں کو اڈوائزری جاری کرے کہ وہ موجودہ دور بحران کو دیکھتے ہوئے موجودہ تعلیمی سال کیلئے ٹیوشن فیس میں اضافہ نہ کرے نیز پرائیویٹ اداروں کو پابند کرے کہ وہ اساتذہ کو تنخواہیں دیں ۔ موجودہ تعلیمی سال میں کافی عرصہ لاک ڈائون کی نذر ہوگیا اس لئے نصاب تعلیم میں ضروری تخفیف کی جائے ۔ حکومت سے اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا کہ عمومی معاشی بحران کے تناظر میں طلباء کو کتابوں کے ساتھ نوٹ بک ‘ یونیفارم اور ااسکول بیگ بھی مفت فراہم کرے ۔

میمورنڈم میں لاک ڈائون کے بعد کیلئے کچھ تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں جیسے کلاس روم میں جسمانی دوری کو یقینی بنانے ، اس کیلئے اسکول کو دو شفٹوں میں چلانے ، سنیٹائزر اور ماسک کو ضروری قرار دینے جیسے کئی احتیانی تدابیر کی جانب اشارہ کیا گیا ہے ۔ حکومت کو اسکولوں کو مفت سنیٹائزر اور تھرمامیٹر فراہم کرنے نیز طلباء کو مفت ماسک فراہم کرنے کی بھی گزارش کی گئی ہے ۔

آخر میں جماعت اسلامی مہاراشٹر شعبہ تعلیم کی جانب سے قوی امید جتائی گئی ہے کہ ریاستی حکومت ان  تجاویز پر  آنے والی نسلوں کی بہتری کیلئے سنجیدہ توجہ دے گی ۔میمورنڈم جماعت اسلامی شعبہ تعلیم کے سکریٹری محمد اظہر الدین کی جانب سے پیش کیا گیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.