دابھولکر کے قاتلوں کو حکومت کی مرضی کے مطابق ضمانت
اقتدار میں بیٹھے ہوئے سادھکوں کے چہرے بے نقاب ہورہے ہیں : سچن ساونت
ممبئی: ڈاکٹر نریندر دابھولکر کے قتل میں شامل ۳ ملزمین کو محض اس بنیاد پر کہ 90 دنوں میں چارج شیٹ نہیں داخل کی گئی اس لئے انہیں ضمانت مل گئی ۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے اوران ملزمین کو ضمانت ملے یہ حکومت کی خواہش تھی ۔ یہ سنسنی خیز الزام آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے عائد کیا ہے ۔ اس تعلق سے سچن ساونت نے کہا کہ امول کالے ، راجیش بنگیرا اور انل دگویکر کو محض کرناٹک ایس آئی ٹی کی کوششوں سے ہی گرفتار کیا گیا تھا ۔ حقیقت یہ ہے کہ سی بی آئی جیسا ادارہ ان ملزمین تک نہیں پہنچ سکا تھا ۔
سی بی آئی نے یواے پی اے قانون کے تحت ان تینوں پر معاملہ درج کیا تھا ۔ اس قانون کے تحت درج کئے گئے مقدمے میں پولیس وتفتیشی ایجنسیوں کو 90 دنوں تک چارج شیٹ داخل کئے جانے کی سہولت دی گئی ہے ۔ اس ضمن میں تفتیشی ایجنسی کو عدالت میں درخواست داخل کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ لیکن اس معاملے میں سی بی آئی نے 90 دنوں کے اندر چارج شیٹ تو داخل کیا ہی نہیں ، عدالت میں اس مدت کے اضافے کے لئے درخواست بھی نہیں داخل کی ۔ بلکہ سی بی آئی کے وکیل تقریباً دو دنوں تک عدالت میں حاضر تک نہیں تھے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان ملزمین کو حکومت کی منشاء کے مطابق ضمانت دی گئی ہے ۔ سچن ساونت نے کہا کہ کرناٹک حکومت نے اگر باریک بینی سے جانچ نہیں کی ہوتی تو یہ معاملہ کبھی منظرِ عام پر نہیں آیا ہوتا ۔