صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ریاست میں کانگریس کے ۵۰ جن سنگھرش اجلاس

1,271
فائل فوٹو

ممبئی : کانگریس کی ریاستی سطح کی جن سنگھرش یاترا گوکہ اختتام پذیر ہوچکی ہے ، لیکن حکومت کے خلاف کانگریس نے اپنا سنگھرش نہ صرف جاری رکھا ہے بلکہ اسے مزید شدید کردیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے اعلان سے قبل کانگریس نے ریاست بھر میں ۵۰ جن سنگھرش جلسۂ عام کرنے کا اعلان کیا ہے ، جس کا پہلا اجلاس آج اورنگ آباد کے دولت آباد میں ہورہا ہے ۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان نے دی ہے ۔

اس تعلق سے انہوں نے کہا کہ مرکز وریاست کی عوام مخالف وناکارہ بی جے پی وشیوسینا حکومت کے خلاف کانگریس پارٹی نے ریاستی سطح پر جن سنگھرش یاترا مہم شروع کی تھی ۔ اس مہم میں ریاست کی عوام  بھرپور طریقے سے شریک ہوئی تھی ۔ اس مہم میں ساڑھے ۶ ہزار کلومیٹر کا سفر کیا گیا نیز ۱۲۰؍ اسمبلی حلقوں میں اجلاس عام منعقد کرکے عوام سے رابطہ قائم کیا گیا ۔ حکومت کے خلاف سنگھرش کے دوسرے مرحلے کے طور پر پارلیمنٹ الیکشن کے اعلان سے قبل ریاست کے مختلف شہروں میں ۵۰ جن سنگھرش اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا ۔

ان اجلاس کے ذریعے الیکشن سے قبل ریاست بھر میں پہنچ کر مرکزی وریاستی حکومت کی غلط پالیسیوں اور ناکامیوں کو عوام تک پہنچایا جائے گا ۔ ان اجلاس میں کانگریس کے ریاستی ومرکزی سطح کے لیڈران شریک ہونگے اور عوام سے خطاب کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا جلسۂ عام آج بروز جمعرات اورنگ آباد کے دولت آباد میں دوپہر ۲ بجے ہوگا ، جمعہ کو ۱۰؍بجے پیٹھن کے اورنگ آباد نیز شام ساڑھے ۵بجے پونے میں جلسۂ عام کا انعقاد ہوگا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.