ناگپور : جماعت اسلامی ہند ناگپور سینٹرل اور میڈیکل سروس سوسائٹی آف انڈیا ناگپور کے مشترکہ اہتمام سے مومن پورہ کے سماج بھون میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس کیمپ کا آغاز میڈیکل سروس سوسائٹی کے صوبائی صدر ڈاکٹر پرویز مانڈوی والا کے ہاتھوں کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر پرویز مانڈوی والا نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیکل سروس سوسائٹی آف انڈیا (ایم ایس ایس) ڈاکٹروں کی ایک جماعت ہے ۔ یہ جماعت مریضوں کی خدمت کرنے کے لئے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے ڈاکٹر وہ ہیں جو سچائی ، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ مریضوں کا علاج اور خدمت کر سکیں ۔ ڈاکٹر کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹر اگر اسے خدمت خلق میں استعمال کرتے ہیں تو وہ بہترین کام ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا پیشہ انسانوں کے دکھ درد کو دور کرنے کے لئے ہے ، تبھی پریشان لوگ مرض کے علاج کے لئے ڈاکٹروں کے پاس آتے ہیں ۔ وہ اپنی جان ان کے حوالے کر دیتے ہیں ، ان کی جان بچانا ہمارا اولین اور اہم فریضہ بننا چاہئے ، نہ کہ پیسے وصولتے رہنا ہمارا مقصد ہو ۔ لالچی بن کر روپے پیسہ کمانا اسلام کے مطابق حرام ذریعہ ہے ، اس میں برکت نہیں رہتی ، ثواب نہیں ملتا ، جبکہ حلال یعنی اخلاقی طریقے سے کمائی گئی دولت میں اللہ برکت ڈالتا ہے ۔ اس برکت سے ہماری آمدنی بھلے ہی تھوڑی سی ہی کیوں نہ ہو وہ لاکھوں درجے کی شکل اختیار کر لیتی ہے ۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد ، ہمیں قرآن سے رہنمائی حاصل کرنا چاہئے ۔ قرآن کی رہنمائی سے ہم انسانیت کی بھلائی کے لئے بہترین کام کرسکتے ہیں ۔ ناگپور جماعت اسلامی کے ناظم ضلع ڈاکٹر آصف الزماں خان نے نظامت اور ایم ایس ایس کے ضلع صدر ڈاکٹر نعیم نیازی نے شکریہ ادا کیا ۔
اس کیمپ میں ناگپور کے مشہور ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر عزیز خان هوميوپیتھک ڈاکٹر ریاض احمد ، جماعت کے ناظم شہر ڈاکٹر انوار صدیقی اور سینٹرل جماعت کے امیر مقامی اشرف بیلم موجود تھے ۔
مذکورہ کیمپ میں شہر کے ماہر ڈاکٹرس میں سید كاشف ، ڈاکٹر آصف قریشی ، ڈاکٹر فیصل خان ، ڈاکٹر سید طارق ، ڈاکٹر كشف خان ، ڈاکٹر شبینہ انصاری ، ڈاکٹر ویرانی ، ڈاکٹر شفیع خان ، ڈاکٹر بشری سروش ، ڈاکٹر طیبہ انصاری ، ڈاکٹر زبیر قاضی ، ڈاکٹر شعیب خان ، ڈاکٹر نورالامین ، ڈاکٹر ادریس شیخ کے علاوہ بہت سے ڈاکٹروں کی ٹیم نے اپنی خدمات پیش کیں ۔ اس کیمپ میں دل ، ہڈی ، دانت ، ذیابیطس جیسی بہت سی بیماریوں کا علاج کر انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔ کیمپ میں 1100 سے زیادہ مریضوں نے استفادہ حاصل کیا ۔