جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں نے 13مہینے کی بچی کی غیرمعمولی سرجری کے ذریعہ نئی زندگی دی

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں نے ایک تیرہ مہینے کی بچی کی غیرمعمولی سرجری کر کے اس کے دل کے سوراخ کو بند کیا اور اسے نئی زندگی دی ہے ۔

سینیئر کارڈیو تھوریسک سرجن پروفیسر ایم ایچ بیگ (پرووائس چانسلر، اے ایم یو) ، ڈاکٹر شمیم گوہر ، ڈاکٹر صابر علی خاں اور ڈاکٹر شہزاد عالم نے سرجری کی منصوبہ بندی کی اور ان کی رہنمائی میں ڈاکٹر محمد اعظم حسِین ، ڈاکٹر سُمت پرتاپ سنگھ اور ڈاکٹر غضنفر نے سرجری کو انجام دیا ۔ محض تیرہ مہینے کی عائضہ کی سرجری اس لئے بھی پیچیدہ تھی کیوں کہ اس کا وزن صرف 4.8 کلو گرام تھا اور پھیپھڑے کی رگوں پر بہت دباؤ رہتا تھا ۔

سرجری سے قبل ڈاکٹر شاد عبقری اور ڈاکٹر کامران مرزا نے عائضہ کے کنبہ کو بتادیا تھا کہ اس سرجری میں بہت خطرہ ہے ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ کم وزن کی وجہ سے عائضہ کو انستھیسیا دینا بھی آسان نہیں تھا ، اس لئے اسے چوبیس گھنٹے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تاکہ پھیپھڑے کی رگوں میں دباؤ معمول پر آجائے ۔

اس کامیاب سرجری کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر ایم ایچ بیگ نے کہاکہ شمالی ہند میں اس طرح کی پیچیدہ سرجری بہت کم اسپتالوں میں ہوتی ہے جس میں سے ایک جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ہے ۔

سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب نے بتایا کہ یہ سرجری قومی اطفال صحت پروگرام (آر بی ایس کے) کے تحت مفت میں کی گئی ۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایس سی شرما نے کامیاب سرجری پر ڈاکٹروں کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔ سرجری سے قبل اور اس کے بعد کی طبی نگہداشت میں ریزیڈنٹس ڈاکٹر شابھا ، ڈاکٹر شیکھر ، ڈاکٹر نوحا اور ڈاکٹر احمد عمار نے خدمات انجام دیں ، جب کہ آپریشن تھیئٹر اسسٹنٹ کے طور پر سلمان ، ندا ، شہادت اور ببیتا موجود رہے ۔

Comments (0)
Add Comment