علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے ایس ٹی ایس اسکول (منٹو سرکل) میں سوچھتا پکھواڑہ 2019کے تحت ’پانی کا تحفظ اور بارش کا پانی جمع کرنا‘ موضوع پر تقریری مقابلہ منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل فیصل نفیس نے پانی کے تحفظ اور بارش کے پانی کو جمع کرنے سے متعلق مختلف نکات پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پانی قدرت کا بیش قیمتی عطیہ ہے جس کے بغیر ہماری زندگی ناممکن ہے لہٰذا ہمیں اس کا تحفظ کرنا چاہئے۔ انہوں نے طلبہ سے بڑی تعداد میں شجر کاری کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ پیڑ لگانے اور ان کے تحفظ سے ہریالی میں اضافہ ہوگا جس سے زمین میں پانی کو روکنے میں مدد ملے گی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت سے ہوا جس کے بعد درجہ ششم سے بارھویں جماعت تک کے طلبہ نے ’پانی کا تحفظ اور بارش کا پانی جمع کرنا‘ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ پروگرام کے آخر میں سینئر زمرے میں کنشک اپادھیائے کو اول، شہان عثمانی کو دوئم اور اکرم کو سوئم انعام سے نوازا گیا جبکہ جونیئر زمرے میں اجے کمار سنگھ اور عدزان عالم کو مشترکہ طور پر اول، وفا الرحمن کو دوئم اور عدن سمیع و عباد احمد کو مشترکہ طور پر سوئم انعام سے سرفراز کیا گیا۔ مقابلہ کے ججیز میں ڈاکٹر افروز بانو اور ثمینہ یوسف شامل تھیں۔نظامت جیوتی کسم بال نے کی ۔
اس موقع پر اسکول میں ایک نکڑ ناٹک کا بھی انعقاد عمل میں آیا جس میں پلاسٹک کے تدارک پر زور دیا گیا تھا ۔ پروگرام میں نسرین فاطمہ، مہناز روحی سمیت بڑی تعداد میں اسکول کے دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔