ممبئی : دیوالی کے موقعہ پر ممبئی عظمیٰ بلدیہ شہریوں کو نئے سال کا تحفہ دے رہی ہے ۔ نئے سال کی شروعات سے ہی بی ایم سی کے سبھی شفا خانوں اور بھابھا ، راجا واڑی شتابدی جیسے مضافاتی اسپتالوں میں 139 قسم کے خون کی جانچ کی سہولت فراہم ہو گی ۔ ان میں 38 ؍ اہم اور خاص قسم کی جانچ بھی شامل ہیں ۔ شہریوں کی جانب سے اس کا بل بی ایم سی ادا کرے گی ۔ نجی لیب کی من مانی سے شہریوں کو راحت دلانے والی یہ سہولت جنوری سے شروع ہو جائے گی ۔ اس کا ٹینڈر 15 دن کے اندر مستقل کمیٹی میں پیش کردیا جائے گا ۔ واضح ہو کہ ’آپلی چکتسا‘ یعنی آپ کی شفا یابی نام کایہ اہم پروجیکٹ تقریباً دو سال سے تعطل کا شکار تھا ۔ اب بی ایم سی چار سالوں کیلئے اس اہم پروجیکٹ پر 79 ؍ کروڑ روپئے خرچ کرے گی ۔ بی ایم سی کے زیادہ تر اسپتالوں میں ٹیسٹ کی سہولت نہیں ہونے کے سبب مریضوں کو نجی لیبس میں جانا پڑتا ہے ، جہاں کا خرچ غریب شہریوں کیلئے نا قابل برداشت ہو تا ہے ۔ جانچ کے نام پر ہزاروں روپئے خرچ کرنے سے غریب کافی پریشان ہو جاتے ہیں ۔ نئے سال سے اس سہولت کے تحت بی ایم سی کے سبھی دواخانوں میں ملیریا ، چکن گونیا ، وٹامن بی 12 ، بایپسی ، پرولیکٹِن ، پیشاب ٹیسٹ ، بیکٹریا کلچر ، بلڈ کلچر اور ایچ آئی وی ٹیسٹ بھی مفت ہوں گے ۔ عام طور پر شہریوں کو اپنے گھر کے قریب کے دواخانوں کی بھی معلومات نہیں ہوتی ہے ۔ ایسے میں بہتر یہ ہوگا کہ نئی سہلوت کے شروع ہونے سے پہلے آپ بھی اپنے نزدیکی شفا خانوں کی جانکاری حاصل کرلیں ۔ بزرگ شہریوں کیلئے یہ سہولت ان کے گھروں پر دینے کی بات بھی چل رہی تھی لیکن یہ ممکن نہیں ہو پایا ۔