صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

سمندری طوفان سے رائے گڑھ ضلع  میں بھاری تباہی لاکھوں مکانات کو نقصان ، بجلی کے ہزاروں کھمبے اکھڑ گئے

بجلی کمپنی مہاوترن کو جنگی پیمانے پر ضلع میں بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت ، شہریوں کو غذائی اجناس مہیا کرانے اور نقصان زدہ علاقوں کا فوری طور سے پنچ نامے کا حکم

213,486

ممبئی : نسرگ  طوفان سے ہونے والے نقصان کا پنچ نامہ دو دن کے اندر پیش کیا گیا تو کسانوں اور دیہاتیوں کی فوری مدد کی جاسکتی ہے اس طرح کا اظہار خیال  وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے آج مہاراشٹر اور خاص طور سے نسرگ طوفان سے متاثر ہونے والے اضلاع کے ضلع کلکٹر اور وزراء کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے دوران کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خاص طور پر ضلع رائے گڑھ میں ، بجلی کے کھمبے کی ایک بڑی تعداد گر چکی ہے اور مہاوترن کمپنی  کو فوری طور پر بجلی کی فراہمی شروع کرنی چاہئے اور دیگر مقامات کے مقابلے میں زیادہ افرادی قوت اور آلات مہیا کرانا چاہئے ۔

وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے طوفان سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا ، اس جائزہ میٹنگ  میں وزیر محصول وزیر بالاصاحب تھورات ، ممبئی مضافاتی نگراںوزیر آدتیہ ٹھاکرے ، شہری ترقیاتی وزیر اور تھانہ کے وزیر نگراں ایکناتھ شنڈے اور وزیر ٹرانسپورٹ انیل پرب بھی موجود تھے۔ چیف سکریٹری اجوئے مہتا نے بھی تجاویز پیش کیں۔

ضلع رائے گڑھ میں تباہ شدہ مکانات کے مکینوں کے پاس پینے کے لئے پانی اور کھانے کی تکلیف ہے ۔ انہیں فوری طور پر خوراک کی فراہمی کی ضرورت ہے ۔ انتظامیہ کو  کو فوری طور پر یہ کام شروع کرنا چاہئے۔ ایم ایس ای ڈی سی ایل کو اس علاقے میں مزید افرادی قوت کی تعیناتی کرکے پہلی فرصت میں بجلی کی فراہمی کا آغاز کرنا چاہئے۔ اسپتالوں ، ڈسپنسریوں کو بجلی کی فراہمی کی ضرورت ہے۔اس طوفان کی وجہ سے ہوئے نقصان کا معاوضہ ادا کرتے وقت شہریوں  میں  اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ اس طوفان کی وجہ سے ہم بڑے  بحران سے گذر رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہاس سے قبل ہر کوئی کرونا وبا سے لڑنے میں مصروف ہے اور اب اس طوفان کی وجہ سے مزید ذمہ دارایاں بڑھ گئیں ہیں آپ لوگوں نے جس طرح سے اب تک کام کیا ہے وہ تعریف کے قابل ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری  قسمت اچھی تھی کہ اس طوفان کی شدت میں نرمی آئی ہے۔ دوسرے لوگوں کی مدد کے ساتھ خود کا بھی دھیان رکھنا ہوگا ۔ اہم نکتہ یہ ہے کہ مشرقی ساحل پر اس طرح کے طوفان نئے نہیں ہیں لیکن اب ممبئی میں کئی برسوں میں پہلی بار مغربی ساحل پر ایسے طوفان آ رہے ہیں ۔ لہذا ہمیں مستقبل کی تیاری کرنی ہوگی۔

وزیر محصول بالاصاحب تھورات نے کہا کہ ہماری سب سے پہلے یہ کوشش ہونی چاہئے کہ اس طوفان کی وجہ سے کیا کیا نقصانات ہوئے ہیں ۔ بجلی کی لائنیں اور کھمبے گرنے کی وجہ سے بحالی مشکل ہے۔اس لئے سب سے پہلے اسے درست کرنے کی ضرورت ہے ۔جہاں پر امداد کی ضرورت ہے وہاں بناء دیر کئے ہمیں مدد کرنی ہو گی ساتھ ہی ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم کم وقتوں میں زیادہ سے زیادہ افراد کی مدد کر سکیں ۔تاکہ انہیں راحت ملے ۔

نگراں  وزیر ایکناتھ شندھے نے کہا کہ خوش قسمتی سے تھانہ ضلع کو خطرہ نہیں تھا۔ اس ضلع میں جو بھی نقصان ہوئے ہیں ان کا پنچ نامہ شروع کردیا ہے ۔ ضلع کلکٹر راجیش نارویکر نے کہا کہ تھانہ کو خاص طور پر نشانہ نہیں لگا۔ 162 کچے مکانات منہدم ہوئے ہیں اور 360 درخت اور ساخیںگری ہیں ۔ ضلع کی تمام سڑکیں اور شاہراہیں شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ الہاس نگر میں ٹیلیفون سروس کچھ عرصے کے لئے بند ہوگئی تھی۔

رائے گڑھ کے ڈپٹی کلکٹر ڈاکٹر پدمشری بیناڑے  نے بتایا کہ ضلع رائے گڑھ میں لاکھوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ 1 لاکھ سے زیادہ درخت گر چکے ہیں ۔ شری وردھن اور مروڈ کے درمیان طوفان آیا تھا جس کی وجہ سے شری وردھن شہر کو بہت نقصان ہوا ہے ۔ مواصلاتی نظام میں خلل پڑا ۔ بجلی کے ہزاروں کھمبے گرچکے ہیں۔ ضلع میں 5 ہزار ہیکٹر زراعت کو نقصان پہنچا ہے اور ٹیمیں پنچنامہ کیلئے نکل  چکی ہیں۔ لیکن اندرونی سڑکیں بہت خراب ہیں۔ کچھ جگہوں پر ایمبولینسیں نہیں بھیجی جاسکیں۔ لوگ خوفزدہ ہیں ان کے ٹیلیفون اور موبائل خدمات درہم برہم ہو چکے ہیں اس لئے وہ دوسروں کے ساتھ بات چیت نہیں کر پا رہے ہیں ۔ ٹیلی کام کا نظام شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے 500 موبائل ٹاور گر گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 10 کشتیوں کا جزوی طور پر نقصان ہوا ہے اور 12 ہیکٹر فش فارمنگ کو نقصان پہنچا ہے۔

رتنا گری کے ضلع کلکٹر نے بتایا کہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں داپولی اور منڈن گڑھ ہیں۔ 3000 درخت گر چکے ہیں۔ 14 سب اسٹیشن ، 1962 ٹرانسفارمر ، بجلی کے کھمبے گرے ہیں ، کچھ جگہوں پر پانی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

ممبئی شہر میں 25 مقامات پر درخت گرے ہیں ۔ ممبئی کے نواحی علاقوں میں 55 مقامات درخت پر گرے اور 2 مکانات منہدم ہوگئے۔ ڈویژنل کمشنر کوکن نے یہ بھی بتایا کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

ابتدائی طور پر ، امداد اور بحالی کے سکریٹری کشور راجے نمبالکر نے طوفان کے بارے میں معلومات دیں۔ انہوں نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے ریاست میں۵.۷۲ ملی میٹر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ 152 ملی میٹر بارش جالنہ میں ریکارڈ کی گئی۔ ریاست میں 78 ہزار 191 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ 21 این ڈی آر ایف اور 6 ایس ڈی آر ایف دستے تعینات کیے گئے تھے۔ چھ افراد ہلاک ، چھ جانور ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہوئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ضلع رائے  گڑھ میں 5033 ہیکٹر اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متوفی کے ورثا کو فوری طور پر 4 لاکھ روپئے کا معاوضہ دیا جائے ۔

پال گھر ، تھانہ ، سندھودرگ ، ممبئی شہر ، ممبئی مضافات ، ناسک احمد نگر ، کوکن ڈویژنل کمشنر میٹنگ میں موجود تھے ۔  پال گھر ، احمد نگر ، ناسک ضلع کلکٹر نے بھی نقصان سے آگاہ کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.