صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

میڈیا عوام کا ترجمان ہوتا ہے ، صحافی کو غیر جانب دار نہیں بلکہ حق کا طرف دار ہونا چاہیے

رئیس اسٹڈی سینٹر میں صحافت کے موضوع پرسمینارمیں شرکا کا اظہار خیال

1,207

بھیونڈی : (عارف اگاسکر) صحافت نہ صرف جمہوریت کا چوتھا ستون ہے بلکہ انتہائی اہم اور عوام پراثر انداز ہونے والا طاقت ور ذریعہ بھی ہے۔اس کی اہمیت ، اثر پذیری اور افادیت کو واضح کرنے کے لئے ۱۷؍فروری، اتوار، صبح ۱۰؍بجے یشونت راؤ چوہان مہاراشٹر اوپن یونی ورسٹی ، ناسک کے زیر اہتمام رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیرکالج اسٹڈی سینٹر ، بھیونڈی میں ٹی وائی بی اے کے طلبہ کے لیے اردو بسیرا آڈیٹوریم میں’صحافت : اہمیت ، تاریخ اور تکنیک‘ (پرنٹ اینڈ الیکٹرانک) کے موضوع پر ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ جس کی صدارت کا فریضہ معروف صحافی ،شاعراور انشائیہ نگار محمد رفیع انصاری نے انجام دیا ۔

مذکورہ سمینار میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے چیئر مین شفیع مقری بطور مہمانِ خصوصی اور مقررین کے طور پر قطب الدین شاہد ( نائب مدیر ، روزنامہ انقلاب) ، رفیق گلاب (معلم، صحافی اور ڈرامہ نگار) ، انوارالحق خان (صحافی اور نمائندہ نیوز۱۸ ؍ اردو) اور فہیم عبدالباری مومن (لکچرار صمدیہ جونیئر کالج) مدعو تھے۔ اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈِنیٹر عبدالعزیز انصاری نے پروگرام کی غرض و غایت اور سینٹر کی اجمالی روداد بیان کرنے کے ساتھ مہمانان کا استقبال بھی کیا ۔ محمد رفیع انصاری نے صدارتی خطبے میں فرمایاکہ میڈیا عوام کا ترجمان ہوتا ہے اور عوامی مسائل کے حل کا ایک ذریعہ بھی ۔ صحافی کو غیر جانب دار نہیں بلکہ حق کا طرف دار ہونا چاہیے ۔

محمد شفیع مقری نے فرمایا کہ سچائی پر مبنی صحافت کی ضرورت ہمیشہ سے رہی ہے البتہ موجودہ عہد میں اس کی اہمیت دوچند ہو گئی ہے ۔ قطب الدین شاہد نے ـ ’صحافت کی تاریخ ، اہمیت ، پرنٹ میڈیا کی ضرورت اور تکنیکی پہلو‘ پر اپنے تجربات کی روشنی میں بیش قیمتی باتیں حاضرین کے گوش گزار کیں ۔ فہیم عبدالباری مومن نے انٹرنیٹ کے استعمال اور باریکیوں پر اپنا خصوصی لکچر پیش کیا ۔ رفیق گلاب نے ’سوشل میڈیا‘ کے مثبت استعمال پر زور دیا نیز اس کے منفی استعمال سے پہنچنے والے نقصانات سے آگاہ بھی کیا۔ انوارالحق خان نے ’الیکٹرانک میڈیا‘ کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے طلبہ کی معلومات میں اضافہ کیا ۔ اسٹڈی سینٹر کے طالبِ علم نے تلاوتِ کلامِ پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔رئیس جونیر کالج کے لکچرار مقصود انصاری نے نظامت اور شکریے کافریضہ انجام دیا ۔ تقریب کی کامیابی میں اعجاز ہاشمی ، شاہ رخ شیخ اور عابد علی کا گراں قدر تعاون شامل رہا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.