صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اے ایم یو وائس چانسلر نے ایم اے ایس کی نئی عمارت کا افتتاح کیا

44,927

علی گڑھ : جدید سہولیات سے آراستہ میڈیکل اٹینڈنس سکیم (ایم اے ایس) کی نئی عمارت کا افتتاح وائس چانسلر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)، پروفیسر طارق منصور نے کیا۔

            پروفیسر منصور نے کہا کہ اے ایم یو انتظامیہ یونیورسٹی ملازمین، ان کے کنبوں اور سبکدوش ملازمین کی صحت کی نگہداشت اور علاج کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ نئی عمارت اسی خیال کا نتیجہ ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس سے ایم اے ایس کا کام بہتر ہوگا جو موجودہ اور سبکدوش ملازمین اور ان پر منحصر اہل خانہ کی طبی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔

           

پروفیسر منصور نے تین منزلہ نئی عمارت کا معائنہ کیا اور عملے کو لگن کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دی۔

            پروفیسر حماد عثمانی، ڈائریکٹر، ایم اے ایس نے اس موقع پر کہاکہ یہ ایم اے ایس کے مستفیدین کے لئے پہلی مخصوص عمارت ہے، جس میں خودکار ریکارڈ سسٹم، اور پبلک ایڈریس سسٹم کے ساتھ تمام جدید سہولیات ہوں گی۔

            انھوں نے کہاکہ بزرگ اور جسمانی طور سے معذور ایم اے ایس مستفیدین کے لئے خاص سہولت فراہم کی گئی۔ ان کے لئے لفٹ لگائی گئی ہے ،  ریمپ کا بندوبست کیا گیا ہے اور ایک ریسٹ روم بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اس عمارت میں بیک وقت زیادہ لوگوں کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم اے ایس میں روزانہ تقریباً تین سو مریض آتے ہیں۔

           

اس عمارت میں ادویات کے لئے ایک اسٹور ہے جس میں زیادہ ادویات ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے، اور میٹنگ کے لئے یا طبی و نیم طبی عملہ کی ٹریننگ کے لئے ایک اکیڈمک ہال بھی موجود ہے۔            

اس موقع پر ڈاکٹر حمیدہ طارق، اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس،پروفیسر ایس ایم جاوید اختر، پروفیسر میجر فرید مہدی ایم آئی سی بلڈنگ، ڈاکٹر ایم سلمان شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایم اے ایس، ڈاکٹر شارق عقیل سی ایم او انچارج، یونیورسٹی ہیلتھ سروسز، پروفیسر محمد ریحان ایم آئی سی الیکٹریسیٹی، مسٹر راجیو شرما، یونیورسٹی انجینئر سمیت مختلف ڈین اور پرنسپل، اور دیگر افراد موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.