صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کرونا کی لڑائی میں جان گنوانے والے پولیس اہلکاروں کو ۶۵؍ لاکھ روپئے

215,709

مممبئی : ملک میں کرونا وائرس کے خلاف جاری کوششوں میں محکمہ پولیس اہم کردار نبھا رہا ہے ۔ محکمہ نے لاک ڈائون کو کامیاب بنانے اور عوام کو گھروں میں قید کرنے میں اہم پیش رفت کی ہے ۔ اس جنگ میں محکمہ کے کئی اہلکاروں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں ۔ ان کے اہل خانہ کو مالی مدد کے طور پر ۵۰؍ لاکھ روپئے دینے کا اعلان ریاستی سرکار نے کیا ہے ۔ اسی کے ساتھ ان کے گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا بھی اعلان ہوا ہے ۔ سرکاری امداد کے علاوہ ان مہلوک پولیس والوں کو ممبئی پولیس فائونڈیشن کی جانب سے دس لاکھ روپئے کی امداد مزید دینے کا اعلان پولیس کمشنر پرم ویر سنگھ نے کیا ہے ۔

ممبئی میں بڑھتے ہوئے کرونا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے ڈاکٹر، نرسیں، صفائی ملازمین اور پولیس رات دن سڑکوں پر ڈیوٹی پر موجود ہیں ۔ کورونا مثبت مریضوں کے ساتھ رابطے میں آنے کے بعد محکمہ پولیس کے ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں  کو انفیکشن ہوا ۔ اسی طرح آٹھ پولیس اہلکاروں کی اب تک موت ہوچکی ہے ۔ کورونا کی وجہ سے مرنے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کی مدد کے لئے سرکار نے ۵۰؍ لاکھ معاوضے کے اعلان کے ساتھ ان کے گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا ہے ۔ محکمہ پولیس کے ممبئی پولیس فائونڈیشن کی جانب سے ان کے اہل خانہ کو دس لاکھ روپئے کی مالی امداد بھی دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ریاستی سطح پر کورونا سے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی فہرست ترتیب دینے کی ہدایت پولیس کمشنر پرم ویر سنگھ نے دی ہے ۔ ان تمام کی معلومات ممبئی پولیس فائونڈیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے جانے کا حکم بھی دیا گیا ہے ۔

ممبئی پولیس فائونڈیشن کا قیام ۲۰۱۸ء میں عمل میں آیا تھا ۔اس فائونڈیشن  کا باقائدہ ممبئی کے چیریٹی کمشنر کے پاس رجسٹریشن کرایا گیا ہے ۔ اس فائونڈیشن کی صنعتکار ،تاجر ،فلم اداکاروں کے علاوہ سوشل و سماجی تنظیموں کے ذریعے مدد کی جاتی ہے ۔

کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے جن پولیس اہلکاروں کی موت ہوئی ہے انہیں کل ۶۵؍ لاکھ روپئے کی مدد کی جائے گی ۔ ایکسیس بینک کی جانب سے ملنے والی پانچ لاکھ روپئے بیمہ کی رقم مرنے والے دو پولیس ملازمین کے کھاتے میں جمع کی جاچکی ہے ۔بقیہ کے پولیس ملازمین کے کھاتوں میں اندرون ایک یا دو روز ایکسیس بینک کی جانب سے پانچ لاکھ روپئے کی رقم جمع ہونے کی امید ہے ۔سرکار کی جانب سے دی جانے والی ۵۰؍ لاکھ روپئے کی رقم تین مرنے والے پولیس ملازمین کے کھاتے میں جمع کی جاچکی ہے ۔ بقیہ ملازمین کے کھاتوں میں سرکار کی جانب سے جلد ہی ۵۰؍ لاکھ کی رقم جمع کئے جانے کی امید ہے ۔ ممبئی پولیس فائونڈیشن کی جانب سے دی جانے والی دس لاکھ کی رقم مہلوک پولیس ملازمین کے کھاتوں میں جمع کردی ہے اس طرح کی معلومات محکمہ پولیس کے ایڈیشنل پولیس کمشنر بجاج نے دی ہے ۔کرونا سے موت کے منہ میں جانے والے پولیس اہلکاروں کو ٹوٹل ۶۵ ؍ لاکھ روپئے دیئے جارہے ہیں جن میں سرکار کی جانب سے ۵۰؍ لاکھ ،ممبئی پولیس فائونڈیشن کی جانب سے ۱۰؍ لاکھ اور ایکسیس بینک کی جانب سے بیمہ کی ۵؍ لاکھ روپئے شامل ہے ۔

کورونا سے مرنے والوں کی فہرست میں شاہونگر پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر امول ہنومنت کلکرنی، ناگپاڈہ ٹرافک  ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر مدھوکر مانے ،شیوڑی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر مرلی دھر واگھمارے ، ونو بھاوے پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سنیل دتا ترے کر گٹکر ،واکولہ پولیس اسٹیشن کے پولیس کانسٹبل چندرکانت کنپت پیدورکر، محکمہ دفاع اور سیکیورٹی کے پولیس کانسٹیبل سندیپ مہادیو سروے، کرلا ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے پولیس کانسٹیبل شیواجی نارائن سونونے، شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے پولیس نائک بھگوان سریش پرت  شامل ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.