صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

 انٹرڈسپلنری برین ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام پروفیسر پنکج سیٹھ نے زِکا وائرس کے موضوع پر خطبہ دیا

1,217

علی گڑھ : جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انٹرڈسپلنری برین ریسرچ سنٹر (آئی بی آر سی) کے زیر اہتمام نیشنل برین ریسرچ سنٹر ، مانیسر ، ہریانہ کے پروفیسر پنکج سیٹھ نے زِکا وائرس کے موضوع پر خطبہ دیا ۔

انھوں نے زِکا وائرس کے سلسلہ میں ہونے والی تحقیق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ وائرس کے ای پروٹین کو بے اثر کرکے اس کے مہلک اثرات کو قابو میں کیا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ زِکا وائرس کی پہلی بار شناخت برازیل میں کی گئی تھی اور پھر اس کے بعد ہندوستان میں اس کے واقعات روشنی میں آئے ۔ انھوں نے نوزائیدہ بچوں میں زِکا وائرس کی وجہ سے سر چھوٹا رہ جانے یا دماغ کی نشو و نما نہ ہونے کے واقعات پر بھی گفتگو کی۔ پروفیسر سیٹھ نے بتایا کہ ایچ آئی وی اور زِکا وائرس کے اثرات کے مطالعہ کے لئے ان کی تجربہ گاہ میں نیورل اسٹیم خلیوں کے ماڈل استعمال کئے جارہے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کی تجربہ گاہ میں کچھ پروٹین ٹارگیٹس کو علاحدہ کیا گیا ہے جنھیں زِکا وائرس کے انفیکشن سے لڑنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ پروفیسر سیٹھ کے خطبے کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا ۔

فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین اور میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ایس سی شرما نے اپنے صدارتی کلمات میں پروفیسر سیٹھ کے خطبہ کو وقیع اور اساتذہ و طلبہ کے لئے نہایت مفید قرار دیا ۔ اس سے قبل آئی بی آر سی کے کوآرڈنیٹر پروفیسر آصف علی نے مہمان مقرر کا تعارف کرایا ۔

یونیورسٹی توسیعی خطبہ کے کنوینرڈاکٹر مہدی حیات شاہی (فیکلٹی آف میڈیسن) نے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر پروفیسر پنکج سیٹھ ، پروفیسر ایس سی شرما ، پروفیسر آصف علی اور ڈاکٹر مہدی حیات شاہی کو یادگاری نشان پیش کئے۔ پروگرام میں اساتذہ اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود رہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.