صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی خبریں تشویشناک : امیر جماعت اسلامی ہند

58,096

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند نے کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالی کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے صحافتی بیان میں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ کشمیر میں حالیہ انکاونٹرز میں عام شہریوں کی ہلاکت کی خبروں پر ہمیں تشویش ہے۔ یہ اطلاعات اور زیادہ پریشان کن ہیں کہ مہلوکین کے خاندانوں کو ان کی نعشیں حاصل کرنے میں بھی بڑی دشواریوں اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

حقوق انسانی کے ایک معروف جہد کار کی این آئی اے کی جانب سے گرفتاری بھی نہایت افسوسناک ہے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران  ہلاک ہونے والے عام شہریوں کو زمینی کارکنان (او جی ڈبلیو) قرار دے دینے سے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال نہیں ہوسکتا۔ جبکہ یہاں پولیس و سیکوریٹی ایجنسیوں پر عوامی اعتماد کی کمی کا مسئلہ پہلے ہی سے درپیش ہے۔

                امیر جماعت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم انکاؤنٹرمیں مارے جانے والے عام شہریوں کی آزادانہ اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات اور ان کے مطابق انصاف کے تقاضوں کی جلد از جلد تکمیل کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ اگر اس طرح کے واقعات پیش آتے رہیں اور ان پر حکومت کی جانب سے کوئی تادیبی کارروائی نہ ہو تو عام کشمیریوں کے اس تاثر کو تقویت ملے گی کہ خاطی پولیس و سیکوریٹی افسران کو حکومت بچانے کی کوشش کرتی ہے اور ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرتی ۔

ہم اپنے اس دیرینہ موقف کو دہراتے ہیں کہ کشمیر کے مسائل عوام اور ان کے نمائندوں سے گفت و شنید کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاست میں جمہوری اقدار معدوم ہورہی ہیں اور جمہوری ادارے زوال پذیر تیزی سے ہیں جبکہ انہیں مستحکم کرنے اورتقویت پہنچانے کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان کے آخر میں امیر جماعت نے مرکزی حکومت کو اس کی یہ ذمے داری اور وعدہ  یاد دلایا کہ کشمیر کا ریاستی درجہ جلد از جلد بحال کیا جائے گا اوروہاں آزادانہ انتخابات کرائے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.