صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

شاید کہ اُتر جائے ترے دل میں مری بات،

47,926

ممبئی : مہاراشٹر میں نصابی کتابوں کے پونے میں واقع بال بھارتی گزشتہ پانچ عشرے سے بہترین انداز میں سرگرم ہے ،جبکہ یہاں اُردو شعبہ بھی واقع ہے، افسوس ناک خبر ہے کہ گزشتہ سال یہاں اردو افسر کا عہدہ خالی ہوگیا اور محکمہ تعلیم حکومت مہاراشٹر نے نئے اردو افسر کا تقرر نہ کرتے 2000 کے عشرہ میں سبکدش ہوئےمومن صاحب کو خصوصی افسر کے طورپر مقرر کیا گیا ہے۔


البتہ گزشتہ سال اُردو افسر خان نویدالحق 31 ،سالہ خدمات کے بعد سبکدوش ہوگئے اور ماہ رمضان میں یہ اچھی ،دل کو چھو لینے اور ایمان تازہ کرنے والی خبر یہ ملی ہے کہ بال بھارتی کے سبکدوش اُردو افسرنویدالحق آقائے دو جہاں کے دربار میں کلام اللّٰہ کے حفظ میں مصروف ہیں۔یہ خیال ان کے دل میں کیسے آیا ،پوچھے جانے پر فرمایا جناب ،بس دل میں ایک بات اتر گئی اور نبی پاک صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شہر مدینہ منورہ روانہ ہوگئے ہیں ۔


انہوں نے کہاکہ ممبئی سے تعلق رہا ، مہاراشٹر کالج سے اعلیٰ تعلیم مکمل کی اور کئی مراحل سے گزرنے کے بعد درسی کتابیں تیار کرنے والے ادارے بال بھارتی سے وابستہ ہوگئے ۔گزشتہ 31سال تک ادارہ میں خدمت انجام دی اور پھر پرموشن ہوا اور شعبہ اُردو کے انچارج اُردو افسر مقرر کیے گئے۔پونے میں ہی قرآن مجید کی تعلیمات اور تفسیر کے تعلق سے ذہن بن چکا تھا۔


نویدالحق نے کہاکہ ” گزشتہ سال سبکدوشی کے بعد مَیں نے ارادہ کرلیا کہ قرآن مجید حفظ کرلیا جائے۔اور پھر مشورے کے ساتھ طے کیا کہ مسجد نبوی میں بیٹھ کر قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کروں.اللّٰـہ تعالیٰ نے یہ سعادت نصیب فرمائی اورآج میں بزنس ویزہ لے کر مدینہ منورہ پہنچ چکا ہوں۔”


انہوں نے مزید کہاکہ مدینہ منورہ میں ابتدائی مرحلے کی تعلیم بھی شروع ہو گئی ہے. یعنی مخرج درست کرنے کے لیے القَاعِدَۃُ المَدَنِیَتُہ یعنی تَعلِیمُ القِرَاءَۃِ لِلمُبتَدِئِینَ سے ابتداء ہوئی ہے۔اور جلداز جلد مزید تعلیم آگے بڑھے گی۔امید ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ تمام مراحل سے بخوبی گزار دے گااور وقتی دشواریوں اور پریشانیوں کو دور فرمائے گا۔


بقول نویدالحق خان قرآن مجید کے حفظ کے بعد آگے کی حکمت عملی طے کی جائے ،قرآن علم کا خزانہ ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے مطالعہ کے ساتھ ساتھ سرپرستی بھی حاصل کی جائے گی۔نوید الحق خان کا ممبئی ،پونے اور مہاراشٹر ہی نہیں بلکہ قومی سطح پر بھی ایک حلقہ ہے ،اور اس حلقے میں مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ان کے صحافی دوست اور گل بوٹے کے مدیر فاروق سید نے نیک خواہشات ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آج کے اس دور میں نویدالحق جیسے مسلمان بھی ہیں جوکہ ملازمت سے سبکدوش ہونے بعد حفظ قرآن کے بارے میں ارادہ کرتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ کامیابی اور کامرانی عطاء فرمائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.