صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ممبئی ہائی کورٹ کا ریاستی حکومت کو ہر ضلع میں ٹیسٹ لیب شروع کرنے کا حکم

274,776

ممبئی: مہاراشٹرا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے یہاں پر کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔اسی کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ کے بعد ممبئی ہائی کورٹ نے بھی ریاستی حکومت کو ایک نیا حکم جاری کیا ہے تاکہ وہ  کورونا کے مریضوں کے لئے مناسب اقدامات کرے ۔

رتناگری میں کورونا ٹیسٹ لیب کے حوالے سے ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔ آج اس درخواست کی سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے ریاست میں کورونا کی صورتحال اوراس کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص کے لئے مہاراشٹر کے ہر ضلع میں جلد سے جلد ٹیسٹ لیب شروع کر نے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ آئی سی ایم آر کے رہنما اصولوں کے مطابق ہر ضلع میں ٹیسٹ لیب قائم کریں۔

ریاست میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کروناکے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے مناسب اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ ممبئی ، پونے میں شہر میں سب سے زیادہ کرونا ٹیسٹ لیب ہیں اور ان ہی شہروں میں کرونا سے متاثر بھی زیادہ پائے جا رہے ہیں۔ لیکن ریاست کے۱۲؍ اضلاع میں ابھی بھی ٹیسٹ لیب نہیں ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومت کو صحت کی سہولیات پر زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

ادھر۱۲؍ جون کو سپریم کورٹ نے دہلی ، مہاراشٹر ، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں  کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی میں کورونا کے مریضوں کی حالت کسی جانور سے زیادہ خراب ہے۔ دہلی کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کچھ اسپتالوں میں مریضوں کی لاشیں کوڑے دان سے ملی ہیں۔ کورونا کے مرض کے شکار کی حالت جانوروں سے بھی بدتر ہے۔ یہ دل دہلانے والا ہے ۔ سپریم کورٹ نے دہلی ، مہاراشٹر ، تمل ناڈو اور مغربی بنگال کی ریاستی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے ریاست کے چیف سکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ کرونا مریضوں کے تعلق سے سرکار نے کیا اقدامات کئے ہیں اس کی جانکاری دی جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.