صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

قومی کونسل کے صدر دفترمیں ’فروغ فارسی زبان‘ پینل کی میٹنگ

فارسی زبان میں ہماری تاریخ وتہذیب کی جڑیں پیوست ہیں : ڈائریکٹر ڈاکٹرشیخ عقیل احمد

30,737

نئی دہلی : فارسی زبان میں ہماری تاریخ وتہذیب کی جڑیں پیوست ہیں ۔ ایک عرصہ تک ہمارے ملک میں اس زبان کا بول بالا رہا ہے ۔ اس زبان نے گنگا جمنی تہذیب کی ترجمانی کا بھی فریضہ انجام دیا ہے ۔ لیکن آج ہندوستان میں اس کا دائرہ سکڑتا جارہاہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ فارسی زبان کے تحفظ اور فروغ کی جدوجہد کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے فروغ اردو بھون میں ’فروغ فارسی زبان‘ کے موضوع پر منعقدہ پینل کی میٹنگ میں کیا ۔ انھوں نے کہا کہ فارسی سے اردو کا بھی مضبوط اور گہرا رشتہ ہے ۔

اردو کے اچھے اسکالر ہونے کے لیے فارسی دانی بہت ضروری ہے ۔ انھوں نے مزید کہاکہ فارسی کی تاریخی وتہذیبی اہمیت کے پیش نظر قومی کونسل فارسی زبان کے فروغ کے لیے گذشتہ کئی برسوں سے کوشاں ہے ۔ ملک کے مختلف حصوں میں فارسی کے سینٹر چلارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سینٹروں سے فارسی سیکھیں ۔ اسی کے ساتھ فارسی کے قیمتی ذخیرے کو اردو میں منتقل کرنے اور ترجمہ کرنے کا کام بھی کونسل کررہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ عنقریب داراشکوہ کی تمام کتابوں وتحریروں پر مشتمل کلیات کو کونسل کی جانب سے شائع کیا جائے گا ۔

پروفیسر شریف حسین قاسمی نے دارا شکوہ پرباضابطہ کام سے متعلق کونسل کے ڈائریکٹر کے عزم کوسراہا اورکہا کہ داراشکوہ پر کام وقت کی اہم ضرورت ہے اور یقینا یہ کونسل کا بڑا کارنامہ ہوگا ۔ انھوں نے اس کام کی ضرورت واہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہندوستان کے ایک عہد کی تاریخ محفوظ ہوجائے گی ۔ پروفیسر آزرمی دخت صفوی نے کہاکہ کونسل کی جانب سے فارسی زبان و ادب پر کیا جانے والا کام تسلی بخش ، معیاری اور اہمیت کا حامل ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ’ہندوستان میں فارسی ادب کی تاریخ‘ کے حوالے سے کونسل جو کام کرنے جارہی ہے ، اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔

میٹنگ میں کونسل کے زیر اہتمام چل رہے فارسی کے تمام کاموں کا سنجیدگی سے جائزہ لیا گیا اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے متعدد تجاویزپرغور وخوض کیاگیا ، متعدد نئے منصوبوں پر بھی بات کی گئی ۔ میٹنگ میں فارسی کے جن ادبا وماہرین نے شر کت کی ان میں پروفیسر عین الحسن ، پروفیسر حسن عباس ، پروفیسر جمیل احمد ، منصور عثمانی ، پروفیسر عبدالحلیم ، پروفیسر قاضی حبیب ، پروفیسر عثمان غنی کے نام خاص طورپر قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں میٹنگ میں ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمک ، ڈاکٹر فیروز عالم اسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر، محمد ساجد الحق اور یوسف رامپوری بھی شریک رہے ۔ آخرمیں قومی کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے مہمانان وشرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.