صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین میں بھیونڈی کی اہم شخصیات کی شمولیت

خالد گڈو کے بھیونڈی ایم آئی ایم کا صدر نامزد ہونے کے بعد شہر میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی

32,996

بھیونڈی : (عارف اگاسکر) ٹورینٹ پاور کمپنی اور بھیونڈی کارپوریشن کی مجرمانہ غفلت کے سبب شہر کی دگرگوں حالت کے خلاف تحریک چلانے والے خالد گڈو سے لوگ روز بروز جڑتے جارہے ہیں ۔ اکتوبر کے اسمبلی انتخاب میں بھیونڈی مغرب سے ۴۴ ہزار سے زائدووٹ کے حصول سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایم ائی ایم بھیونڈی شہر کی سیاست میں اپنی جڑیں مضبوط کر چکی ہے ۔ شہر کی دیگر سیاسی پارٹیوں سے کئی سرکردہ افراد ایم آئی ایم شامل ہوتے جارہے ہیں ۔ ۱۱ نومبر کو بڑی تعداد میں شہر کی قدآور شخصیات کے ایم آئی ایم میں شامل ہونے پر پارٹی عہدیداران اور کارکنان میں جوش و خروش کا ماحول ہے ۔ انصاری محمد سلیم ہارون کو مشرقی اسمبلی حلقہ کا صدر منتخب کیا گیا ہے جو کئی اداروں سے جڑکر سماجی و رفاہی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں ۔ پانی اور تعلیم کے مسائل پر گہری نظر رکھنے والے انصاری محمد سلیم ہارون شہر میں سماجی خدمات کے میدان میں اہم نام ہے ۔ بھیونڈی مشرقی حلقہ سے اشفاق انصاری ایم آئی ایم میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں مشرقی حلقہ کے کارگذار صدر کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے ۔

واضح ہو کہ اشفاق انصاری کی دختر بھیونڈی کارپوریشن میں کانگریس کی کارپوریٹر ہے ۔ ان کے پارٹی میں شامل ہونے کو سیاسی حلقوں میں بڑی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے کیونکہ اشفاق انصاری اپنے بے باک انداز اور قومی درد رکھنے کے حوالے سے شہر میں الگ شناخت رکھتے ہیں ۔ اشفاق انصاری نے ایم آئی ایم میں شامل ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ بھیونڈی میں کانگریس کے۴۷؍ کارپوریٹر ہونے کے باوجود میئر اور افسران ہماری بات نہیں سنتے ۔ ہم کو عوام نے خدمت کے نام پر چن کر بھیجا ہے اگر ہم کانگریس میں رہ کر عوام کی خدمت نہ کرسکے تو ایسی پارٹی کس کام کی ہے ۔ انہوں نے میئرپر الزام عائد کر تےہوئے کہا کہ کانگریس کے کارپوریٹر میئر سے بیزار آچکے ہیں کیونکہ ان کے پاس کارپوریٹروں کی کوئی سنوائی نہیں ہے ۔

اسی طرح بھیونڈی مشرقی حلقہ سے نوجوان صدر کے طور پر خان عبدالوفا کو شامل کیا گیا ہے جو کہ علاقے کے معروف سوشل ورکر ہیں ۔ دیوان شاہ کے انصاری آصف اقبال کو ان کی سماجی خدما ت کے اعتراف میں وارڈ نمبر ۴ کا صدر بنایا گیا ہے ۔ شاستری نگر کے عامرشاہد علی کو وارڈ نمبر ۱۶؍کے صدر کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ خالد گڈو نے ان اہم شخصیات کے ایم آئی ایم میں شامل ہونے پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہم بھیونڈی میں پارٹی کی جڑیں مضبوط کرکے قائد بیرسٹر اسد الدین اویسی کو طاقت دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ قوم و ملت کے مسائل کو ایوان اقتدار میں اٹھاکر ان کا تدارک کر سکیں ۔

ایم آئی ایم میں بھیونڈی کے سیاسی ، سماجی و تعلیمی شعور رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ یوں ہی جاری رہے گا ۔ اور آئندہ کچھ دنوں میں بھیونڈی شہر کی وہ اہم شخصیات بھی ایم آئی ایم میں داخل ہوگی جن کی شمولیت سے بھیونڈی کی سیاست میں بھونچال آجائیگا ۔ انہوں نے تمام عہدیداران کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور عوام کی بے لوث خدمت کی تلقین کی ۔ ٹورینٹ پاور کمپنی ، کارپوریشن ، تحصیلدار ، راشننگ آفس ، ایس ٹی اور دیگر تمام عوامی اداروں سے لوگوں کو انصاف دلا کر زمینی سطح پر کام کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایم آئی ایم آئندہ کارپوریشن کے انتخاب میں بڑی تعداد میں اپنے کارپوریٹرس کونسل میں بھیجے گی اور مئیر کا انتخاب بھی ایم آئی ایم کے ذریعے ہی کیا جائیگا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.