صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر جماعت اسلامی مہاراشٹر کا سہ روزہ تربیتی کیمپ اختتام پذیر 

 شعبہ خدمت خلق کی نگرانی میں آئیڈیل ریلیف ونگ اور کولہا پور انتظامیہ نے رضاکاروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ٹریننگ دی

223,592

کولہا پور : جماعت اسلامی مہاراشٹر کے شعبہ خدمت خلق کے تحت ایک ڈیزاسٹر مینجمنٹ بھی جس کے تحت کئی درجن تربیت یافتہ رضاکار ہیں جو ارضی و سماوی آفات کے وقت عوام کی امداد کیلئے آگے آتے ہیں اور لوگوں کو مصائب سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچاتے ہیں ۔ اس کیلئے جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے ریلیف ٹیم آئیڈیل ریلیف ونگ کے نام سے قائم کی ہوئی ہے ۔ جماعت ان رضاکاروں کی ٹریننگ کے لیے سالانہ ورک شاپ کا انعقاد کرتی ہے تاکہ ارضی و سماوی آفات میں ریلیف ورک کےلیے متحرک رہ سکیں ۔

اس مقصد کے تحت ایک ورک شاپ آئیڈیل ریلیف ونگ مہاراشٹر نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کلیکٹر آفس کولہاپور کے اشتراک سے IRW کے رضاکاروں کےلیےکنواڑ ضلع کولہاپور میں 29 ؍ فروری تا 2 ؍ مارچ 2020 سہ روزہ ٹریننگـ کیمپ  کا انعقاد کیا ۔ ورکشاپ کا آغاز تذکیر بالقرآن سے ہوا ۔ ورکشاپ کی غرض و غایت اور ورکشاپ سے متعلق تفصیلات مظہر فاروق نے پیش کئے ۔

پرساد سَنک پال (ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ آفیسر کولہاپور) نے ڈیزاسٹر کسے کہتے ہیں اور اس کی کتنی قسمیں ہیں اس عنوان پر رہنمائی کی ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور وزیر ریسکیو فورس کے ٹرینرس نے والنٹیئرس کو مختلف قسم کی گانٹھیں (Knots) بنانا اور زخمیوں کو لیجانے کے لیے بینڈیج (Bandages) اور اسٹریچر بنانا سکھایا، مصنوعی باڈیز پر فرسٹ ایڈ اور سی پی آر کی ٹریننگ دی گئی ۔ متاثرہ مقامات ومکانات سے زخمیوں کو نکال کر محفوظ مقام پر پہنچانے کی عملی مشقیں کروائی گئیں ۔ برادر عمرخان (اسٹیٹ کوآرڈینیٹر یوتھ ونگ) نے ٹیم مینجمنٹ کےلیے والنٹیئرس کو مشترکہ تعمیری سرگرمیاں انجام دلوائیں ۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ورک کے لیے کشتیاں بنانے کی مشق کروائی گئی اور کرشنا ندی میں کشتی (Motor and Paddle Boat) چلانے اور پانی میں ڈوب رہے لوگوں کو کیسے بچایا جائے اور ایسے حالات میں لوگوں کو بچانے کے لیے ، موقع پر موجود اشیاء کا کیسے استعمال کریں ان سب کی ٹرینرس نے عملی مشق کروائی ۔ بھارت میں پائے جانے والے زہریلے سانپوں کی معلومات دی گئی ۔ تحریری اور عملی امتحانات لیے گئےاور مقابلے کروائے گئے۔

آخری سیشن میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کولہاپور اور آئیڈیل ریلیف ونگ کی جانب سے تمام شرکاء کو سرٹیفیکیٹ دیے گئے اور مقابلے و امتحان میں کامیاب والنٹیئرس کو انعامات سے نوازا گیا ۔ کنواڑ گاؤں کے سرپنچ بابا صاحب آرس گونڈا نے اس ورکشاپ کی سرگرمیوں کو سراہا ، مظہر فاروق (سکریٹری خدمت خلق) نے والنٹیئرس سے توقعات پر اظہار خیال کیا۔ پرساد سنکپال نے والنٹیئرس کی رہنمائی کی۔ ڈاکٹر سلیم خان (معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر) کے خطاب پر ورک شاپ کا اختتام ہوا ۔ ورک شاپ میں ٹرینر رؤف پٹیل، الطاف ملا اور ساگر سر نے والنٹیئرس کو ٹریننگ دی۔ ورکشاپ کے انتظامی امور برادر اشفاق پٹھان صدر ایس آئی او کولہاپور نے انجام دیے ۔ اس کیمپ میں ریاست کے مختلف مقامات سے منتخبہ 51 والنٹیئرس نےشرکت کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.