صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

جماعت اسلامی ہند چندر پورکی جانب سے سیلاب متاثرین میں راحتی اشیا کی تقسیم

49,562

چندر پور : گوسرکھدا ڈیم کے دروازے کھولنے کے سبب  ندیوں میں اچانک پانی بڑھنے سے آئے سیلاب کی وجہ سے  برہمپوری تحصیل کے قریب ۲۵ گائوں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

اگرچہ حکومت نے ممکنہ سیلاب کے خطرے سے گائوں کو بچانے کیلئے کئی گاؤں کو خالی کروایا تھا اس کے باوجود کئی گاؤں کی آبادی سیلاب کے پانی میں گھر گئی جن میں ۳ گائوں (کِنہی، پرڈگائوں بیلگائوں) کے لوگ زیادہ متاثر ہوئے اور یہاں دھان کی کھڑی فصل تباہ ہوگئی ، بہت سے گھر سیلابی پانی میں زمین بوس ہو گئے،اب تک کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ہند چندر پور کی جانب سے برہمپوری تحصیل میں سیلاب سے ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے ایک ٹیم نے ایس ڈی ایم ٹومبے ، تحصیلدار پوار صاحب سے ملاقات کے بعد متاثر گائوں کِنہی ، پرڈ گائوں اور بیلگائوں کا دورہ کیا اور گائوں میں ہوئے نقصان کا جائزہ لیا ۔ جماعت کی ٹیم میں محمد ریحان ، واجد خان ، یاور خان اور ندیم خان شامل تھے ۔علاقہ کے سرپنچ اور گرام سیوک  نے جماعت اسلامی چندر پور کی راحت رسانی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔

گائوں کے ایک شخص نے ذاتی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ دس بارہ دن ہوگئے ہیں اس دوران ہم تک کوئی راحت نہیں پہنچی آپ پہلے ہیں جنہوں نے ہماری مدد خبر گیری کی ۔

جماعت اسلامی ضلع چندر پور ، گڈ چرولی کی جانب سے برہمپوری تحصیل میں سیلاب سے متاثر پرڈگائوں ، بیٹالامیں بڑے پیمانے پر راحت کا کام کیا گیا۔متاثرین کے درمیان راشن کی تقسیم ، ایمرجنسی لائٹ انتظام اور ان کے لئے کپڑوں کی تقسیم شامل ہے ۔ عام طور پر سیلاب کے ساتھ ہی ان علاقوں میں وبائی امراض کے پھوٹ پڑنے کا خدشہ رہتا ہے اس لئے گائوں میں جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کے ساتھ ہی اسے سینیٹائز بھی کیا گیا ۔

راحت رسانی ٹیم میں شامل محمد ریحان نے بتایا کہ’’ سیلاب سے ساٹھ سے زائد مکانات بھی زمین بوس ہوئے ہیں جنھیں دوبارہ تعمیر کیلئے حکومت کی جانب سے دس دس ہزار روپئے دینے کا اعلان ہوا، گھروں کی تعمیر کیلئے حکومت کچھ ضروری سامان مہیا کرائے گی ۔

جماعت کی راحتی ٹیم نے راحت بہم پہنچائی ہے جیسے اشیائے خوردنی ایمرجنسی لائٹ اور کپڑے وغیرہ ۔ یہ سامان انتہائی ضرورتمند جن کے مکان اور فصلیں تباہ ہوئی ہیں ان میں تقسیم کی گئی ہیں‘‘۔

مذکورہ راحتی کاموں میں جماعت اسلامی کے ساتھ طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا اور یوتھ ونگ کے کارکنان بھی شامل تھے ۔

مزید معلومات کیلئے جناب ریحان صاحب چندرپور (انچارج ریلیف ورک)  09730174345 سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.