صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اخلاق سے ہی اسلام پھیلا ، اس لئے ہمیں اپنے اخلاق کو سنوارنے کی ضرورت ہے

79,604

ممبئی: ساکی ناکہ میں واقع فیمس بینکٹ ہال میں آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کی مہاراشٹر یونٹ کے صدر صوفی عبدالباری شیخ کی قیادت میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں درگاہ معین الدین اجمیریؒ کے سجادہ نشین و کونسل کے صدر سید نصیرالدین چشتی نے خطاب فرماتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وقف بورڈ سے درگاہ بورڈ کو الگ کیا جائے۔ وقف بورڈ کمیٹی میں درگاہوں کے سجادہ نشینوں کی تقرری کی جائے تاکہ وقف بورڈ کمیٹی کو درگاہوں کے حالات سے واقف کروایا جاسکے اور ملک کی تمام ریاستوں میں وقف بورڈ کے زیر اہتمام درگاہ بورڈ قائم کیا جائے ۔

انھوں نے کہا درگاہوں کی انتطامیہ کمیٹی کے کئی رکن پر مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ اس کی تفتیش کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا جانا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ ان کے خلاف درج مقدمات واپس لئے جائیں اور جو قانون کی خلاف ورزی کرتا نظر آئے اس پر سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ معین الدین اجمیریؒ ہندوستان میں تشریف لائے اور ملک میں امن و محبت سے اسلام پھیلایا اور ان کے ہاتھوں پر لاکھوں لوگوں نے بیعت کی اور اسلام قبول کیا ۔ وہاں آج بھی بلا تفریق مذاہب تمام لوگ معین الدین اجمیریؒ کی بارگاہ پر حاضری دیتے ہیں۔

نصیرالدین چشتی کے مطابق ملک کے ناگفته حالات میں صوفی ازم، درگاہوں کے سجادہ نشیں، رسولؐ اللہ کی سنت و اولیائے کرام کی تعلیمات کو عام کرنے سے ہی امن و امان قائم ہوسکتا ہے۔ صوفی ازم کی تعلیمات سے ہی قومی یکجہتی اور امن و امان کا ماحول بن سکتا ہے۔ اس موقع پر مہاراشٹر یونٹ کے صدر صوفی عبدالباری شیخ نے کہا کہ معین الدین اجمیریؒ نے اپنے اخلاق کے ذریعے ملک میں دین پھیلایا اور آج کے حالات سے یہ لگتا ہے کہ ہمارے اندر سے اخلاق کا زوال ہوچکا ہے اس لئے ہمیں چاہیے کہ عصری علوم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمات پر بھی توجہ دیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.