صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

سید امتیاز جلیل ایم آئی ایم وبہوجن ونچت اگھاڑی کے لوک سبھا کے مشترکہ امیدوار

اورنگ آباد میں مجلس اتحاد المسلمین کے انتخابات میں حصہ لینے پر جاری قیاس آرائیوں کا اختتام

1,435

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) کئی دنوں کی قیاس آرائیوں کے بعد مجلس اتحاد المسلمین نے تمام سیاسی جماعتوں کی نیندیں اڑاتے ہوئے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کردیا ۔ مجلس نے اورنگ آباد لوک سبھا سیٹ کے لئے ریاست کے مقبول رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل کو اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح ہوکہ گزشتہ کئی دنوں سے۲۰۱۹ لوک سبھا انتخابات کو لیکر شہرکی مختلف پارٹیوں میں امیدواروں کے ناموں کو لیکر تذبذب تھا ۔ تمام پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے میں ٹال مٹول سے کام لیا ۔ سبھی کی نظر مجلس اتحاد المسلمین کے فیصلے پر ٹکی ہوئی تھی ۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں مجلس اتحاد المسلمین اور پرکاش امبیڈکر کی بہوجن ونچت اگھاڑی نے مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

بالآخر آج مجلس کے مرکزی دفتر دارالسلام میں صبح ۱۱ بجے صدر مجلس اسد الدین اویسی کی صدارت میں اورنگ آباد کے تمام کارپوریٹرس ، رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل ، پارٹی کے سنیئر قائد ڈاکٹر عبدالغفار قادری اور دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں میٹنگ کا آغاز ہوا ۔ جس میں تمام پہلوئوں سے باریک بینی سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بالآخر دوپہر میں اس میٹنگ کو رات ۱۰بجے تک ملتوی کردیا گیا تھا ۔ رات ساڑھے دس بجے دوبارہ میٹنگ کا آغاز ہوا ، جس میں کافی غور و خوض کے بعد پارٹی نے اورنگ آباد لوک سبھا حلقہ سے اپنے امیدوار کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ۔ پارٹی صدر اسد الدین اویسی نے رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل کے نام کو قطعیت دیدی ہے ۔

رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب جیسے ہی یہ خبر شہر کے محبان مجلس حلقوں میں پہنچی ، تمام محبان مجلس نے جشن منانا شروع کردیا اور سید امتیاز جلیل کو لوک سبھا پہنچانے کی تیاری میں مشغول ہوگئے ۔ گزشتہ کئی دنوں سے اس فیصلے کو لیکر عوام میں اور تمام سیاسی جماعتوں میں بھی مختلف قسم کی قیاس آرائیاں جاری تھیں ، جس کا اختتام ہو چکا ہے ۔ امتیاز جلیل کو امیدوار بنائے جانے کے فیصلے پر شہریان میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے ۔ اب لوگ ۲۳اپریل کے منتظر ہیں تاکہ وہ اپنے امیدوار کے حق میں بھر پور رائے دہی کا استعمال کریں اور انہیں بھاری اکثریت کے ساتھ پارلیمنٹ میں اپنا نمائندہ بناکر بھیجیں ۔ واضح ہوکہ اب اورنگ آباد میں مجلس اتحاد المسلمین کا مقابلہ راست شیو سینا سے ہوگا ۔ اس حلقہ سے کئی مرتبہ چندر کانت کھیرے نے جیت درج کی ہے ۔ لیکن انہیں اب شائد شکست سے دوچار ہونا پڑے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.