صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی میں شالا سدھی کے موضوع پر ورک شاپ کا انعقاد

1,643

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) گزشتہ دنوں اردو ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن ، ممبئی ڈویژن کے زیرِ اہتمام ممبئی ڈویژن کے تمام سیکنڈری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرس کے لیے اردو بسیرا آڈیٹوریم، رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج ، تھانہ روڈ ، بھیونڈی میں ’ہے یہ رختِ سفر قافلہ سالارانِ تعلیم کے واسطے‘ کے عنوان سے یک روزہ ورک شاپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ مذکورہ ورکشاپ کا پہلا سیشن صبح ۱۰؍ بجے شفیع مقری (چیئرمین، رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج، بھیونڈی) کی صدارت میں شروع ہوا ۔ جس میں شفیع شیخ (پرنسپل ، انجمن خیرالاسلام ہائی اسکول ، وکھرولی) اور ذاکر شیخ (معلم ، ٹرامبے پبلک ہائی اسکول، ٹرامبے) نے ’شالا سدّھی‘ کے موضوع پر بہترین معلوماتی اور رہ نمایاں لیکچر دیا ۔ مقررین نے بالتفصیل بتایا کہ شالا سدھی کے لیے کس طرح محکمۂ تعلیمات کے معیار پر ادارے کو جانچا اور پرکھا جائے ساتھ ہی موجودہ معیار کو کس طرح مزید بلند کیا جائے ۔

جلسے کے صدر شفیع مقری نے صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے ’معیاری اسکول کے خدوخال‘ کے موضوع پر اپنے منفرد انداز میں روشنی ڈالی ۔کے ایم ای سوسائٹی کے اعزازی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصدق باقر پٹیل بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔ انہوں نے تعلیم کے عمل میں سماج اور والدین کی شمولیت کی اہمیت پر گفتگو کی ۔ وقفۂ نماز اورظہرانے کے بعد دوسرے سیشن کا آغاز کیا گیا جس کی صدارت شاہد لطیف (مدیر، روزنامہ انقلاب، ممبئی) نے کی ۔ اس سیشن میں ’راہیں بند نہیں‘ سے موسوم ایک مذاکرہ ہوا جس میں شبیر فاروقی ، حسنیٰ انصاری ،  اسلم خان ، جویریہ قاضی ، نوید خان ، طاہر شاہ اورمہربانو نے شرکت کی اور مدلل انداز میں اپنا مطمحِ نظر پیش کیا ۔

اس ورکشاپ میںشرکا پرنسپلز نے اپنے اسکول میں در پیش مسائل اور ان پر قابو پانے کے لیے ان کی حکمت عملی تفصیل کے ساتھ بیان کی ۔ شاہد لطیف نے خطبۂ صدارت میں’ بدلتا تدریسی و معاشرتی ماحول اور صدر مدرسین کا سر پرستانہ کردار‘ جیسے اہم موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی ۔ ابتدا میں شبانہ شیخ (صدر، اردو ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن) نے تمام ہیڈ ماسٹرس کا استقبال کیا ۔ ضیاء الرّحمن انصاری (نائب صدر، اردو ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن) اور شرمین طارق انصاری (پرنسپل،شاد آدم شیخ ٹیکنکل ہائی اسکول، بھیونڈی)نے علی الترتیب نظامت کا فریضہ انجام دیا۔ نسرین شیخ (سیکریٹری ، اردو ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن) کے اظہارِ تشکر کے بعد یہ اہم ورک شاپ اختتام پذیر ہوا ۔ ملحوظ رہے کہ یہ اہم جلسہ کے ایم ای سوسائٹیز رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کی میز بانی میں منعقد کیا گیا تھا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.