صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

یکم جولائی سے تعلیمی سرگرمیوں کے شروع ہونے کا امکان : اجیت دادا پوار

217,756

ممبئی : کرونا بحران کے دوران والدین اور ہیڈ ماسٹروں کی بچوں کے تئیں تشویش کے مدنظر ریاستی حکومت یکم جولائی کو ریاست میں اسکول شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ اس طرح کی معلومات دیتے ہوئے ریاستی نائب وزیر اعلی اجیت دادا پوار نے مزید بتایا کہ جون میں ریاست میں اسکولوں کو شروع کرنے کو لے کر تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا کیونکہ ماہ جون میں اسکول اور کالج شروع کرنا ممکن نظر نہیں آرہا ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ یکم جولائی سے ریاست میں اسکولیں اور کالجز شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے ۔

اجیت پوار نے کہا کہ ریاستی حکومت نے جون میں اسکول شروع کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ اس تعلق سے گذشتہ روز میں نے ریاستی وزیرتعلیم ورشا گائیکواڑ سے تبادلہ خیال کیا تھا کہ ہم یکم جولائی سے اسکول شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ مگر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ یکم جولائی سے اسکول شروع ہونے کے بعد دیوالی اور کرسمس کی تعطیلات کو کم کرکے ان کا ازالہ کیا جاسکتا ہے ۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ طلبائ کو ہونے والے تعلیمی نقصان کی بھرپائی کے لئے ممکن ہے کہ آئندہ سال کی گرمیوں کی چھٹیاں کم کردی جائیں ۔ جس کے لئے منصوبہ بندی ضروری ہے ۔ وہیں انہوں نے اس امکان کو بھی خارج نہیں کیا کہ 15 جولائی کے بعد اسکولیں شروع ہوسکتی ہیں ۔

ان دنوں اسکول کے جاری ہونے کو لے کر سوشل میڈیا پر طلبائ اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ سرپرستوں کے الگ الگ پیغامات نشرہو رہے ہیں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک سرپرست کا کہنا ہے کہ چونکہ حکومت کورونا وائرس کے ساتھ جینے کے لئے کہہ رہی ہے جس کے لئے ماسک اورسماجی دوری کے ساتھ ساتھ احتیاط لازمی ہے اسکولوں میں کم عمر کے بچے بھی ہوتے ہیں جو اس جانب توجہ نہیں دے سکتے ۔ کلاس روم میں اگر ایک بچہ کورونا وائرس سے متاثر ہوتا ہے تو اس کی وجہ سے کورونا کا انفکشن دیگر بچوں کولپیٹ میں لینے کے ساتھ ساتھ کئی خاندان کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.