صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کرایہ سے زیادہ رقم وصولنے والے ایمبولنس کی شکایت ہیلپ لائن پر

44,711

ممبئی: ایمبولینس سے متعلق شکایات نہ صرف ممبئی بلکہ پوری ریاست سے آرہی ہیں۔ آدھے کلومیٹر کے فاصلے کے لئے ۵؍ ہزار سے ۸؍ ہزار روپے تک کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔ اس لئے ایسی نجی ایمبولینسوں کو ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس طرح کی اطلاع وزیر صحت راجیش ٹوپے نے دی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نجی ایمبولینس کا کرایہ فی کلو میٹر کے حساب سے وصول کرنے کی شرح کا فیصلہ متعلقہ اضلاع کے آر ٹی او کریں گے۔ اگر شرح آر ٹی او کے طے شدہ شرح سے زیادہ پائی جاتی ہے تو لائسنس منسوخ کردیا جائے گا اور اس کے خلاف جرم درج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے گذارش کی ہے کہ اگر نجی ایمبولینس مقررہ شرح سے زیادہ وصول کرتے ہیں توعوام ضلعی ہیلپ لائن پر شکایت کرسکتے ہیں۔

نجی ایمبولینس کا کرایہ طئے کرنے کے لئے میونسپل کمشنر اور کلکٹر کی سربراہی میں ایک کمیٹی  قائم کی جائے گی جو کرونا وباء کے دوران اس معاملے کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ کووڈ اسپتال میں مریضوں کے لواحقین کو اسپتال میں داخل ہونے سے منع کیا جا رہاہے لیکن اب داخلے سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اسپتال میں ایسی جگہ رکھنی چاہئے جہاں مریض اور رشتے دار بات کرسکیں۔ آئی سی یو میں سی سی ٹی وی لگانے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ ہر ضلع میں کرونا کے لئے ایک ہیلپ لائن ہونی چاہئے اور اسے اس کمیٹی کے ذریعہ نافذ کیا جائے گا۔ کمیٹی کرونا سے مرنے والوں کی آخری رسومات کے انتظامات پر بھی غور کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.