صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اے ایم یو میں کلاسیز 31؍ مارچ تک معطل ، چھٹی اور نویں جماعت کے داخلہ امتحانات ملتوی

199,459

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے کووِڈ 19 (کورونا وائرس) کی روک تھام کے لئے حکومت کی ہدایات کی روشنی میں احتیاط کے طور پر چھٹی اور نویں جماعت کے داخلہ امتحانات کو فوری طور سے ملتوی کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یونیورسٹی (اے ایم یو) اور اس کے مراکز واقع ملاپورم، کشن گنج اور مرشدآباد میں سبھی کلاسیز کو 31؍مارچ تک کے لئے معطل کردیا گیا ہے، تاہم سبھی دیگر امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے اور امتحان میں طلبہ ایک دوسرے سے ایک میٹر کے فاصلے پر بیٹھیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ چھٹی جماعت اور نویں جماعت کے داخلہ امتحانات بالترتیب 22، اور 29؍مارچ کو ہونے والے تھے۔ داخلہ امتحان کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔

یہ فیصلہ آج وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی صدارت میں فیکلٹیوں کے ڈین ، کالجوں کے پرنسپل، ہالوں کے پرووسٹ اور یونیورسٹی کے دیگر حکام کی مشاورتی میٹنگ میں کیا گیا ۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ کیمپس میں کوچنگ کلاسیز معطل رہیں گی۔ جو طلبہ اور ملازمین بیرونِ ملک سے آرہے ہیں انھیں گھروں پر الگ تھلگ رہنے کے لئے 14؍دنوں کی خصوصی چھٹی مع ادائیگی دی جائے گی ۔ انھیں گھر سے ہی کام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ دوسری طرف جو طلبہ اپنے گھر جانے کے خواہشمند ہیں وہ جاسکتے ہیں ۔ وہ دوران سفر حفاظتی تدابیر اپنائیں اور سینیٹائزر وغیرہ کا استعمال کریں ۔

چھٹی اور نویں جماعت میں داخلہ کے لئے جن امیدواروں نے فارم بھرا ہے انھیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ داخلہ امتحان کی نئی تاریخوں کے لئے یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.amucontrollereaxams.com  دیکھتے رہیں۔

دوسری طرف ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر مجاہد بیگ نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ ڈائننگ ہال میں کھانے کے وقت بیک وقت 50؍سے زائد طلبہ جمع نہ ہوں اور کرسیوں کے درمیان دوری بڑھالیں ۔ انھوں نے بتایاکہ ڈائننگ ہال میں کھانے کا وقفہ بڑھایا جائے گا ۔

اس کے علاوہ ہر اقامتی ہال میں سینیٹائزر کا دو سیٹ فراہم کیا جائے گا ۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ طلبہ اور ملازمین اپنے ہاتھ صابن سے پابندی کے ساتھ وقتاً فوقتاً دھوئیں ۔ کچن میں باورچیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہاتھوں میں دستانے پہنیں ، اپرن پہنیں ۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ہال سے باہر نہ جائیں اور بھیڑبھاڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.