تھانے ضلع بی جے پی یوتھ لیڈر پر قاتلانہ حملہ معاملہ

شارپ شو ٹر سمیت 6؍ افراد گرفتار،14؍ ملزمین فرار،مزید گرفتاریاں متوقع

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر)گزشتہ 20؍ اکتوبر کی نصف شب میں بھیونڈی تعلقہ کے پڑگھا علاقہ میںرہائش پذیر بھارتیہ یوا مورچہ کے تھانے ضلع دیہی صدر راجیش عرف وِجو گائیکرپر کچھ نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کیا تھا جب وہ اپنی گاڑی کے ذریعہ گھر لوٹ رہے تھے۔حملہ آوروں نے ان پر ریوالور سے کئی فائر کیے تھے لیکن خوش قسمتی سے وہ اس حملہ میں بچ نکلے ۔ فائرنگ کر نے کے بعد قاتل اپنا ا سلحہ اور موٹر سائیکل وہیں چھوڑ کر تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔ بتایا جا تا ہے کہ راجیش گائیکر پر ناکام قاتلانہ حملہ کے بعد ان کے قتل کا منصوبہ بنا نے والے ان کے مخالفین دیو درشن اورتفریح کے لیے پنجاب، جموں اور کشمیرچلے گئے تھے۔جبکہ پولیس نے اس معاملہ میں پڑگھا پولیس اسٹیشن کے سنیئر پولیس انسپکٹر سنجئے ہزارے کی رہنمائی میںملزمین کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بنائی تھی اورحملہ آوروں کی تلاش شروع کی تھی۔پولیس کی اس تلاشی کے دوران انہیں اپنےذرائع سے یہ اطلاع ملی کہ راجیش گائیکر کو قتل کر نے کے لیے پونے علاقہ کے بد نام گینگسٹرسو مناتھ چو ہان(سو ما بھائی)کے گروہ کو۷؍ لاکھ روپیوں کی سُپاری دی گئی تھی۔اس سلسلہ میں پڑگھا پولیس نےدس دنوں قبل ہوئے اس قاتلانہ حملہ میں ملوث گوتم کاشی ناتھ شندے اور شوٹرہرشد سُریش ایمکر(پونہ) نامی ملزمین کو گر فتار کیا ہے ۔ جبکہ قتل کے اس منصوبہ میں شامل کلیدی ملز م سچن گھوڈ وندے، شوٹر مہیش عرف مہاراج مدھو کر چاندلکر اور ونایک سُریش چوہان (ساکن  پونہ)نامی تین ملزمین کو گزشتہ جمعرات کو گر فتارکر کے بھیونڈی کی عدالت میں پیش کر نے پرعدالت نے انھیں ۱۳؍نومبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ اس قاتلانہ حملہ میں شریک سمیر گھوڈ وندے، اجے پاٹل،ایکناتھ بھوئیر، جیتیندر گھاوٹ، رام ٹھاکرے، گینگسٹرسو مناتھ چوہان وغیرہ سمیت ۱۴؍ ملزمین فرار بتائے جا تے ہیں۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق قتل کے اس منصوبہ میں پڑگھا کےچار قد آور سیاسی لیڈران کے شامل ہو نے کی بھی توقع جتائی جاتی ہے۔پولیس اس سلسلے میں بھی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment