اے ایم یو میں تمباکو مصنوعات سے دور رہنے کا حلف

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بیگم عزیز النساء ہال میں ’تمباکو سے پاک تعلیمی ادارے‘ سے متعلق حکومت ہند کی رہنما ہدایات کے تحت ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں ہال کی پرووسٹ پروفیسر صبوحی خان نے سبھی کو تمباکو کے استعمال سے دور رہنے اور تمباکو کنٹرول سے متعلق پالیسیوں اور پروگراموں کو نافذ کرنے میں تعاون کا حلف دلایا۔

                پروفیسر صبوحی خاں نے کہاکہ یہ حلف تمباکو کے استعمال سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی سرگرمیوں کا ایک حصہ ہے۔

                اس موقع پر طالبات نے تمباکو کے استعمال کے نقصانات کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لئے پوسٹر سازی کے مقابلے میں حصہ لیا اور ہال کے احاطے میں تمباکو نوشی اور تمباکو مصنوعات کے استعمال پر پابندی سے متعلق ایک نوٹس بھی جاری کیا گیا۔

                دوسری طرف ڈین، فیکلٹی آف آرٹس کے دفتر سے جاری ایک نوٹس میں ’سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات ایکٹ 2003‘ (کوپٹا) کے نفاذ کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو تمباکو کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔

                نوٹس کے مطابق ’’چونکہ سبھی تعلیمی اداروں کے کیمپس عوامی مقامات ہیں اس لئے تعلیمی ادارے کے احاطے کے اندر سگریٹ نوشی، کوپٹا کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی ہے۔ دھوئیں سے پاک کیمپس ایک صحت مند مقام ہوتا ہے۔ انسداد تمباکو اقدامات کو سختی سے نافذ کرنے میں یونیورسٹی کے عملے، طلبہ و طالبات اور آنے جانے والوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے‘‘۔

Comments (0)
Add Comment