ممبئی، تھانہ اور ناسک میں مکمل لاک ڈائون، دوائوں کی دکانیں بھی صرف صبح ۹؍ سے شام ۵؍ بجے تک ہی کھلیں گی

ممبئی : ممبئی میٹروپولیٹن علاقے میں کرونا وائرس کے مریضوں میںدن بدن  اضافہ ہورہا ہے۔ اگرچہ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے دھاراوی جیسے کچی آبادی والے علاقوں میں وباء پر قابو پالیا ہے  لیکن ممبئی سے باہر مضافاتی علاقوں میں بڑی تعداد میں مریض پائے  جا رہے ہیں۔اس لئے ریاستی حکومت نےاب پوری طرح سے لاک ڈائون  کا فیصلہ کیاہے۔اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ نئی ممبئی اور تھانہ میں لاک ڈائون قانون میں سختی کی جائے گی ۔مگر اب میرا بھائندر میں لاک ڈائون میں سختی کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

میرا بھائندر  میں یکم جولائی سےدس جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس عرصے کے دوران صرف دودھ اور دوائیوں کی دکا نوں کے علاوہ باقی دکانیں بند رہیں گی۔ ضروری سامان کی گھر کی فراہمی کی اجازت ہے۔ یہاں تک کہ دوائوں کی دکانیں بھی اس دوران صبح ۹؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک ہی کھلی رہیں گی اس طرح کی اطلاع میونسپل کارپوریشن نے دی ہے۔

۲۹؍جون تک ، میرا بھائندر۹؍ ہزار افراد کے کرونا ٹیسٹ کئے گئے تھے جس میں سے ۳؍ ہزار سے زائد لوگ مثبت پائے گئے تھے ۔اسی طرح ۱۴۲؍ مریضوں کی موت کرونا کی وجہ سے ہو ئی تھی۔ ساتھ ہی میرا روڈ علاقے میں بھی کرونا کے مریض بڑی تعداد میں پائے گئے تھے ۔کارپوریشن کے علاقے میں پائے جانے والے نصف سے زائد مریض اسی علاقے کے ہیں ۔اس لئے یہاں پر سختی سے لاک ڈائون کیا جا رہا ہے ۔

تھانہ ضلع میں بھی آئندہ دس دنوں تک مکمل لاک ڈائون کا اعلان کیا گیا ہے۔ تھانہ شہر  کے ۲۲؍ علاقے ہاٹ اسپاٹ قرار دیئے گئے ہیں ۔ یہاں بھی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جولائی ماہ کے ابتدائی دس دنوں تک لاک ڈائون میں سختی کا اعلان کرتے ہوئے میونسپل کمشنر نے صرف دوا اور دودھ کی دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی ہے ۔عوام کو صرف ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے ہی باہر نکلنے کی اجازت ہو گی ۔

ناسک ضلع میں ابتدا میں کورونا کا کوئی خطرہ نہیں تھا لیکن ناشک شہر میں بتدریج یہ خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔ ناسک شہر میں کرونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر غور کرتے ہوئے عوامی کرفیو شام۷؍بجے سے صبح ۵؍بجے تک سخت کردیا جائے گا۔ شام سات بجے کے بعد بغیر کسی وجہ کے گھر سے  نکلنےوالوں پر سخت کاروائی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ ، بھیڑ والے مقامات پر کرونا کے بڑھتے ہوئے انفیکشن  کی وجہ سے ان مقامات کو ’’نو وہیکل زون‘‘ قرار دیا جائے گا اس طرح کی اطلاع ناسک ضلع کے نگراں اور وزیر تغذیہ چھگن بھجبل نے دی ہے ۔ناسک ضلع میں اب تک ۴؍ ہزار سے زائد کرونا کے مریضوں کی تشخیص کی گئی ہے ۔۱۰۳؍ مریضوں کی حالت کافی تشویش ناک ہے ۔ اب تک ۲۳۶؍ افراد کی کرونا کی وجہ سے موت ہو گئی ہے ۔ جن میں صرف ۹۹؍ افراد کا تعلق ناسک شہر ہے ۔

Comments (0)
Add Comment