چین کی ہندوستان کو امریکہ کے ساتھ جاری تنازعہ سے دور رہنے کی تلقین

امت شاہ کی پاکستان کو وارننگ ہم سرحد پرکسی طرح کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے

بیجنگ: چین اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی مسلسل برقرار ہے۔ اسی ضمن میں اتوار کو چین نے ہندوستان کو کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے چین – امریکہ تنازعہ سے دور رہنا چاہئے۔ چین نے ہندوستان کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں دخل دینے سے آپ کا بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق چین اور امریکہ میں کورونا انفیکشن کے بعد سے شروع ہوا یہ تنازعہ دنیا کو ’نئے کولڈ وار’ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔

چینی سرکاری میڈیا ’گلوبل ٹائمس’ میں شائع ایک کالم کے مطابق چین نے کہا- کچھ ایسی طاقتیں ہیں جو ہندوستانی حکومت کوا س ’کولڈ وار‘ میں ایک فریق کی حمایت میں کھڑا ہونے کے لئے کہہ رہی ہیں، جس سے ان حالات کا وہ لوگ بھی فائدہ اٹھا سکیں۔ ایسی طاقتیں ہندوستانی حکومت کے آفیشیل اسٹینڈ سے تعلق نہیں رکھتی ہیں اور چین کے بارے میں غلط اطلاعات اور افواہ پھیلا رہی ہیں۔ اگر واضح طور پر کہا جائے تو چین /امریکہ تنازعہ میں ہندوستان کا فائدہ بے حد کم، لیکن نقصان کافی بڑا ہوسکتا ہے۔ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی ہندوستان /چین سرحدی تنازعہ میں ثالثی کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں۔ حالانکہ دونوں ہی ممالک نے اس پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

چین نے مزید کہا، آگے ایک نیا کولڈ وار شروع ہوتا ہے اور ہندوستان، امریکہ کے حق میں جاناطے کرتا ہے تو یہ چین اور اس کے تجارتی رشتوں کے لئے کافی نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر ہندوستان، امریکہ کا موہرا بننے کا انتخاب کرتا ہے تو ان دونوں پڑوسی ممالک کے ٹریڈ ریلیشن ختم ہوجائیں گے، جس سے ہندوستان کی معیشت جو ابھی کافی جھٹکے جھیل رہی ہے، پر کافی برا اثر پڑ سکتا ہے۔ اس وقت معیشت کو برباد ہونے سے برا ہندوستان کے لئے کچھ نہیں ہوسکتا۔ ہم ہندوستان کو ایک بار پھر مشورہ دیتے ہیں کہ وہ چین کے ساتھ اپنے رشتوں کے بارے میں واضح طور پر اور سنجیدگی سے سوچے اور بین الاقوامی قومیت کے جذبہ کے چکر میں نہ پڑے۔

دوسری جانب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو کہا کہ موجودہ سرحدی تنازعہ کو لے کر چین کے ساتھ سفارتی اور فوجی سطح پربات چیت چل رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ تنازعہ  کو جلد حل کرلیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کو واضح وارننگ میں امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان اپنی سرحدوں پر کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گا اور ایسے اقدامات کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ایک پرائیویٹ نیوز چینل کو دیئے انٹرویو میں کہا، ’ابھی سفارتی اور فوجی سطح پر بات چیت چل رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ تنازعہ حل ہو جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت اپنی بین الاقوامی سرحدوں کو کمزور نہیں ہونے دے گی اور ملک کی حفاظت کے لئے سبھی اقدامات کرے گی۔ ’اس معاملے میں کسی کو بھی کوئی خدشہ نہیں ہونا چاہئے‘۔ سرحد پر پاکستان کی حرکتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر، امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان نے کبھی بھی توسیع پسند پالیسی نہیں اپنائی ہے، لیکن وہ اپنی سرحدوں پر کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گا۔ امت شاہ نے کہا کہ ’اگر کوئی ایسا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔ یہ ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے۔

Comments (0)
Add Comment