علمی دیانت داری کو فروغ دینے کی خاطر اے ایم یو وائس چانسلر نے معیاری سافٹ ویئر کے لئے رقم منظور کی

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے یونیورسٹی میں علمی دیانت دیاری کو فروغ دینے اور علمی سرقہ کی شناخت کے مقصد سے اساتذہ ، ریسرچ اسکالرس اور عام طلبہ کے لئے ایک اچھے سافٹ ویئر کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مشہور سافٹ ویئر ٹَرنیٹِن (TURNITIN) کو سبسکرائب کرنے کے لئے مطلوبہ رقم کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ سافٹ ویئر مولانا آزاد لائبریری میں دستیاب ہوگا ۔
ٹَرنیٹِن دنیا کا سب سے بڑا آن لائن ڈاٹا بیس ہے جس میں 20مِلین سے زائد ویب پیجز ، 220ملین سے زائد طلبہ کے مقالے اور 90؍ہزار سے زائد اشاعتیں موجود ہیں ، جس سے تحقیق و تصنیف میں کافی مدد ملے گی ۔
قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے حال ہی میں ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں علمی ایمانداری کے فروغ اور سرقہ کی روک تھام کے ضوابط کو منظوری دی ہے ۔
اے ایم یو برادری نے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے مذکورہ اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دور رس نتائج کا حامل قرار دیا اور کہاکہ یہ بہت خوش آئند ہے کہ وائس چانسلر یونیورسٹی میں تحقیق کے معیار کو بلند کرنے اور علمی امتیاز کو فروغ دینے پر زور دے رہے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment