علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر اسد اللہ خان اعزاز سے سرفراز

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انٹر ڈسپلینری بایو ٹیکنالوجی یونٹ کے کوآر ڈی نیٹر پروفیسر اسد اللہ خاں کو بایوٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں خدمات کے پیش نظرشری اوم پرکاش بھسین فائونڈیشن کے  ۲۰۱۹ء کے باوقار شری اوم پرکاش بھسین ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز بایو ٹیکنالوجی کے علاوہ ایگریکلچرل سائنس، الیکٹرانکس، انجینئرنگ اور میڈیکل سائنس کے میدان میں سائنس دانوں کی نمایاں خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے۔

ملک کے کئی ممتاز سائنس دانوں کو اس ایوارڈ سے سرفراز کیا جا چکا ہے جن میں اے پی جے عبد الکلام، ایم ایس سوامی ناتھن اور کے جی مینن شامل ہیں۔ پروفیسر اسد اللہ خان اس اعزاز کو حاصل کرنے والے یونیورسٹی کے اولین استاذ ہیں، اس سے قبل یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور معروف سائنس داں پروفیسر عبید صدیقی کو اس اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرطارق منصور نے اس گرانقدر کامیابی پر پروفیسر خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پروفیسر خان کو ملنے والا یہ اعزاز یونیورسٹی کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز انہیں جراثیم مخالف مناعت اور جراثیم کی متعدی حیاتیات کے سلسلے میں ان کی تحقیق کے لیے دیا گیا ہے۔

اس اعزاز کے تحت پروفیسر خان کو آئندہ نومبر میں ایک لاکھ روپیہ نقد اور توصیفی سند کے ساتھ یادگاری نشان سے سرفراز کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment